ہمیں اپنے محافظوں پر فخر، ہماری خودمختاری کے نگہبان ہیں: وزیراعظم
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے محافظوں پر فخر ہے، جو ہماری خودمختاری کے نگہبان ہیں۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نظم و ضبط، قیادت اور پیشہ ورانہ تربیت کی درخشاں روایات کا امین ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایران، امریکا جنگ نے پورے خطے کو غیریقینی صورتحال اور معاشی چیلنجز سے دوچار کر دیا، پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لیے بھرپور سفارتی کاوشیں کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ سفارت کاری کے نتیجےمیں جنگ بندی ممکن ہوئی، امن کوششوں کا مثبت جواب دینے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری کوششوں سے 47 سال بعد دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوئے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطینی عوام کےحقوق کی حمایت کےعزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد منصفانہ حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، دشمن نے خود کو ہم سے زیادہ طاقتور سمجھنے کی غلطی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو مذاکرات کی مخلصانہ پیشکش کی،سنجیدہ پیشکش کا مثبت جواب دینے کے بجائے دشمن نے اشتعال انگیزی اور جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی فضائی برتری اور میزائلوں کی درست صلاحیت نے دشمن کو سبق سکھایا، ہم نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کے سچ پر مبنی مؤقف کو پذیرائی ملی، عالمی سطح پر دشمن کے الزامات مکمل طور پر بے نقاب ہوگئے، ہم نے ثابت کیا کہ امن کی خواہش کمزوری نہیں ہماری طاقت تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے غیر معمولی جرات، ذمہ دارانہ قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، فیلڈ مارشل کی قیادت نے دفاع وطن کے قومی یقین کو مزید مضبوط کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور طریقے سے جاری ہے، پاک سرزمین سے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ کیلئے ختم کر کے دم لیں گے۔