پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اذیت ناک ٹیکس لیا جارہا ہے: حافظ نعیم الرحمان

مظفر آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اذیت ناک ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت زکوٰۃ کے مستحق اور حق دار غریب عوام سے بھی ہر لٹر پٹرول پر 117 روپے لیوی وصول کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پٹرول پر 117 روپے لیوی وصول کرنا ظلم کی انتہا اور غریب عوام کا معاشی قتل ہے، محدود تنخواہ دار طبقے کے لیے ماہانہ خرچ پورا کرنا ناممکن ہو چکا ہے، ان سے اذیت ناک انداز میں ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ صرف رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 1200 ارب روپے سے زائد لیوی وصول کی جاچکی ہے،30 جون تک یہ ظالمانہ وصولیاں 1700 ارب روپے پہنچنے کا امکان ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے، عدالت کو آئینی حدود سے متجاوز اس لیوی کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں