ماضی کی زرد صحافت نے زندگی متاثر کی:روینہ ٹنڈن
ممبئی (آئی این پی)بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے زرد صحافت پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں جھوٹی یا منفی خبروں کا ازالہ کرنا تقریباً ناممکن تھا۔
اداکارہ نے ایک انٹرویو میں ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت زرد صحافت پر کوئی کنٹرول نہیں تھا، اگر کسی اخبار یا میگزین میں کوئی منفی خبر شائع ہو جاتی تو فنکار صرف خاموشی سے برداشت کرنے پر مجبور ہوتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں انسٹاگرام یا سوشل میڈیا کے ذریعے فنکار فوری طور پر وضاحت دے سکتے ہیں، لیکن 90 کی دہائی میں ایسا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر منفی سرخیاں شائع ہونے کے بعد چھوٹا سا معذرتی نوٹ دے دیا جاتا تھا، لیکن تب تک نقصان ہو چکا ہوتا تھا۔