دعا لیپا کا ممنوعہ کتابوں کی مستقل لائبریری قائم کرنیکا اعلان
پورٹو (آئی این پی)عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ دعا لیپا نے شادی کے محض ایک ہفتے بعد پرتگال میں ممنوعہ اور سنسر کی جانے والی کتابوں پر مشتمل ایک خصوصی لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
منی فیسٹو لائبریری کے نام سے قائم کی جانے والی یہ لائبریری دعا لیپا کے 2021 میں شروع کیے گئے بک کلب سروس95 کا عملی اور مستقل حصہ ہوگی، لائبریری کا افتتاح پرتگال کے شہر پورٹو میں واقع تاریخی لیوراریا لیلو بک سٹور میں ہو گا۔یہ منصوبہ لیوراریا لیلو کی 120ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے ، تاہم لائبریری تقریب کے بعد بھی مستقل طور پر اسی مقام پر موجود رہے گی۔دعا لیپا نے کہا کہ جب انہوں نے سروس95 بک کلب کی بنیاد رکھی تو ان کا مقصد دنیا بھر کے مصنفین اور قارئین کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ آزادانہ طور پر خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔