پاکستان کا جمہوری نظام اور اسکو چلانے والے بہت غلیظ ہیں: حسن نثار
پنجاب میں کھانسی کے شربت سے ہلاکتیں ’’گڈ گورننس‘‘کی ایک مثال ہے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کالم نگار اور تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کا جمہوری نظام اور اسکو چلانے والے بہت غلیظ ہیں۔ اسمبلیوں میں نورا کشتیاں چلتی ہیں، سب آپس میں ملے ہیں،اگر ملے ہوئے نہ ہوں تو ہمار احال ایسا نہ ہوتا۔آنیوالا سال ویسا ہی ہوگا جیسا ہمارا عمل ہوگا۔ ہماری سیاست میں سیاستدان ایک دوسرے کو چور کہتے ہیں،یہ المیہ ہے ۔دنیا نیو ز کے پروگرام‘‘ میری دنیا ’’میں میزبان عائشہ خالد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کھانسی کے شربت سے ہونیوالی ہلاکتیں "گڈ گورننس "کی ایک مثال ہے ۔ انسانی زندگی اور وقت کو پاکستان میں سب سے گھٹیا چیزیں سمجھا جاتا ہے ۔ وقت باپ اور فطرت ماں ہے ،وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا،ایک فلاسفر کا کہنا ہے کہ وقت کائنات کی روح ہے ،وقت پروردگار کی طرف سے امانت ہے ،جو اس کا صحیح استعمال نہیں کرتا وہ اس میں خیانت کرتاہے ،پاکستانی قوم وقت کا بہت ضیاع کر تی ہے ۔گوہر ایوب کی ن لیگ میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا،نتھا سنگھ اور پریم سنگھ سب ایک ہی ہیں۔علم سائنس اور ٹیکنالوجی کو کہا جاتا ہے ،بڑے بڑے عالم کہلانے والوں کو ان علوم کا کچھ پتہ نہیں ہے ،مومن اپنے زمانے کے ساتھ ہم آہنگ ہوتا ہے اسے جدید علوم کا پتہ ہوتا ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف رامے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حنیف رامے خطاط اور سیاستدان تھے ،ان سے بڑا پیار کا تعلق تھا،وہ گفتگو کے دوران انگلیوں سے خلاء میں خطاطی کیا کرتے تھے ۔