بھنے بٹیر، سری پائے،ہرن کا گوشت ،بے نظیر قلفہ
کھانے زیتون کے تیل میں تیار کیے گئے، سابق صدر کی پسند ملحوظ خاطر رکھی گئی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا،
لاہور (نمائندہ خصوصی) مختلف ڈشز کی تیاری کے لئے معروف باورچیوں کی خدمات حاصل کی گئیں اور تمام کھانے زیتون کے تیل میں تیار کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ظہرانے میں رکھے گئے کھانوں میں سابق صدر کی پسند کو خاص طورپر ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ ظہرانے میں فش کباب، مٹن کباب، چکن اچاری، آلو گوشت، آلو کی بھجیا، مسور کی دال، چاول، ملائی بوٹی، مٹن قورمہ، مٹن بریانی، سری پائے، پالک پنیر، بھرے ہوئے ٹینڈے، 4اقسام کی سبزیاں، ہرن کا گوشت، قیمہ بھرے کریلے، بھنے ہوئے بٹیر، افغانی پلاؤ، سندھی بریانی، سندھی بھنڈی، سادہ چپاتی، تندوری روٹی، کشمیری کلچے شامل تھے۔ ظہرانے میں 6اقسام کی سلاد بھی پیش کی گئی جبکہ سویٹ ڈش میں کھیر، رس ملائی، پیٹھے کا حلوہ، رس گلے، بےنظیر قلفہ، قصوری فالودہ، شہد، فروٹ ٹرائفل اور خصوصی طورپر چاٹی کی لسی پیش کی گئی۔