غلامی رسولؐ میں موت بھی قبول ہے ، شہرشہر مظاہرے ،ریلیاں

غلامی رسولؐ میں موت بھی قبول ہے ، شہرشہر مظاہرے ،ریلیاں

گستاخانہ خاکوں کیخلاف جے یو پی ،جے یوآئی ف کے اجتماعات ،مذمتی قراردادیں منظور

لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد (جنرل رپورٹر سے ،خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹرسے )فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکو ں کی اشاعت کیخلاف ملک بھر میں مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا ،مختلف مذہبی ودینی جماعتوں کے احتجاجی پروگراموں میں ہزاروں افرادنے شر کت کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ۔ تحریک حرمت رسول ؐ،سنی تحریک،تحریک صراط مستقیم،جمعیت علما اسلام (ف)،جماعت اہلسنت ،عالمی مجلس احرار،میلاد ویلفیئر سوسائٹی سمیت دیگر جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا۔سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجازقادری کی اپیل پر ملک گیر یوم تحفظ ناموس رسالت مناتے ہوئے لاہور، اسلام آباد، پتوکی،حافظ آباد،گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، ملتان ،سمندری، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ٹیکسلا،اٹک، پنڈدادنخان،خوشاب،مانسہرہ، سکھر، میرپورخاص سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ، ریلیاں اورکانفرنسیں منعقد کی گئیں ، لاہورمیں مولانا مجاہد عبدالرسول خان اور سردار طاہر ڈوگر نے خطاب کیا، فرانس اوراسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کیے گئے ۔تحریک صراط مستقیم پاکستان نے جمعۃ المبارک یوم مطالبہ و دعا کے طور پر منایا ۔عالمی جماعت اہلسنت کی اپیل پر یوم عشق رسول ؐمنایا اور داتا دربار چوک میں مظاہرہ کیا گیا۔ عالمی مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی اجتماعات ہوئے ، جمعیت علمااسلام (ف)کے زیر اہتمام سیرت محمدی ؐ پر خطابات اورگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔جمعیت علما پاکستان (نورانی ) کیجانب سے ٹینچ بھاٹہ میں مظاہرہ کیاگیاجس میں جماعت اسلامی ، تحریک انصاف کے ایم پی اے آصف محمود،مجلس وحدت المسلمین کے علامہ اکبر کاظمی، سنی تحریک اورن لیگ کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی ۔ سنی علما فورم کے صدر صاحبزادہ نفیس القادری کی زیرقیادت بھی مظاہرہ کیاگیا، مظاہرین غلامی رسولؐ میں موت بھی قبول ہے کے نعرے لگاتے رہے ، مظاہرین بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے سامنے جمع ہو گئے اور مین روڈ بلاک کر دی ۔ جماعت اسلامی حلقہ خو اتین اسلام آباد کے تحت ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پنجاب کی نا ظمہ سکینہ شاہد نے کی ،ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی پا کستان میاں محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں