خراب نیند یا بے خوابی اور کینسر کے درمیان تعلق کا انکشاف!
نیویارک(نیٹ نیوز) امریکا کے شہر ہیوسٹن میں قائم معروف کینسر تحقیقی ادارے ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر کی نئی تحقیق نے نیند کی خرابی یابے خوابی کو کینسرکا ممکنہ سبب قرار دیا ہے ۔
یہ نتائج دنیا کی سب سے بڑی کینسر کانفرنس امیریکن سوسائٹی آف کلینیکل اونکالوجی میں پیش کیے گئے ۔کانفرنس میں محققین نے امریکا کے 1 کروڑ 80 لاکھ سے زائد 18 سے 50 برس عمر کے افراد کے طبی ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ بے خوابی، کم نیند یا غیر منظم سونے جاگنے کے معمولات رکھتے تھے ، ان میں کم عمری میں کینسر ہونے کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ تھا۔حیران کن طور پر بعض معاملات میں 50 سال سے کم عمر وہ افراد جنہیں بے خوابی کی تشخیص ہوئی تھی، ان میں اگلے پانچ سال کے اندر کینسر لاحق ہونے کا خطرہ عام لوگوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ پایا گیا۔