قومی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنا یادگار لمحہ:عرفات منہاس
قومی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنا یادگار لمحہ:عرفات منہاس خودپردباؤحاوی نہ ہونے دیا،کامیابی والدین اورکوچزکی مرہون منت ملی
لاہور (سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرنا پوری ٹیم کے لیے باعثِ فخر اور اس کامیابی نے ان کی خوشی کو دوچند کر دیا ہے ۔ راولپنڈی کی وکٹ اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم نے پہلے بالنگ کرنے کی حکمت عملی اپنائی کیونکہ خشک پچ سپنرز کے لیے سازگار ثابت ہو رہی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ کا منصوبہ کامیاب رہا اور کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں۔ ہر کھلاڑی کے لیے ڈیبیو میچ خاص اہمیت رکھتا ہے تاہم انہوں نے میدان میں خود پر دباؤ حاوی نہیں ہونے دیا۔ جونیئر کرکٹ، انڈر 19 سطح اور پی ایس ایل میں حاصل ہونے والا تجربہ ان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنا۔انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین، کوچز اور ان تمام افراد کو دیا جنہوں نے ان کے کرکٹ کیریئر میں ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔ عرفات منہاس نے کہا کہ ان کی دعاؤں اور حمایت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔عرفات منہاس نے مزید کہا کہ وہ کسی مخصوص کھلاڑی کے متبادل کے طور پر نہیں بلکہ اپنی الگ شناخت بنانے کے خواہاں ہیں،قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانا اور پاکستان کے لیے مسلسل بہترین کارکردگی دکھانا ان کا اصل ہدف ہے ۔