جئے سندھ محاذ کے چیئرمین عبدالواحد آریسر انتقال کرگئے

جئے سندھ محاذ کے چیئرمین عبدالواحد آریسر انتقال کرگئے

گردوں کے مرض اور ذیابیطس میں مبتلا تھے ، آبائی قبرستان انڑ آباد میں تدفین ہوئی 27 کتابوں کے مصنف تھے ، بیوہ اور بیٹی کو سوگوار چھوڑا، کئی جماعتوں کا اعلان سوگ

کراچی ،انڑ آباد (اسٹاف رپورٹر،نمائندہ دنیا ) جئے سندھ محاذ کے چیئرمین، ادیب اور دانشور عبدالواحد آریسر اتوار کی صبح کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے ۔ ان کی تدفین اتوارکی شام عمرکوٹ چھور کے نزدیک آبائی قبرستان انڑ آباد میں ہوئی۔ انہیں سندھو دیش کے پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں جلال محمود شاہ، ڈاکٹر نیاز کالانی، جی ایم بھگت، دودو مہری، خالق جونیجو، رسول بخش رحیمدانی، پرشوتم کھتری، ڈاکٹر میر عالم مری، ارباب بھیل، ایم کیو ایم کے صابر قائم خانی، پونجو بھیل اور راشد خلجی نے شرکت کی۔ عبدالواحد آریسر کچھ عرصے سے گردوں اور ذیابیطس کے امراض کا شکار تھے ۔ ان کے رشتہ دار اور کئی قوم پرست رہنما اسپتال پہنچے ،جہاں سے صبح گیارہ بجے ان کا جسد خاکی عمر کوٹ روانہ کیا گیا۔ راستے میں حیدر آباد وادھواہ میں بھی ہزاروں سوگوار ان کے آخری دیدار کے لیے موجود تھے ۔ یہاں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ اعظم جہانگیری نے عبدالواحد آریسر کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کرائی، جس کے بعد یہ قافلہ ان کے آبائی گوٹھ انڑ آباد روانہ کردیا گیا۔ راستے میں کئی مقامات پر ان کی میت کی گاڑی پر پھول برسائے گئے ۔ سندھی ادبی سنگت اور کئی قوم پرست جماعتوں نے عبدالواحد آریسر کے انتقال پر سوگ کا اعلان کیا ہے ۔انتقال کی خبر ملنے پر عمر کوٹ، چھور، ڈھورو نارو، سن، مانجھند اور دوسرے کئی علاقوں میں کاروبار بند کردیا گیا۔ عبدالواحد آریسر 11 اکتوبر 1949 کو تحصیل عمرکوٹ کے گوٹھ انڑ آباد میں پیدا ہوئے ۔ عبدالواحد آریسر نے بھنڈوشریف کی معروف درس گاہ سے تعلیم پائی، تاہم فارغ التحصیل ہونے سے پہلے ہی مدرسہ چھوڑ دیا۔ وہ سندھی قوم پرست تحریک کے بانی جی ایم سید کے بہت قریب تھے ۔ جی ایم سید نے انہیں 1977 میں جئے سندھ تحریک کا چیئرمین مقرر کردیا تھا۔ انہوں نے جیل میں گزارے ہوئے دنوں کے تذکرے سمیت 27 کتابیں لکھیں۔ انہیں ایم آر ڈی تحریک میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ کئی مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں رہے ۔ پس ماندگان میں بیوہ اور بیٹی ‘‘اندرا’’ شامل ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عبدالواحد آریسر کے انتقال پر سوگوار گھرانے سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں انہوں نے سندھ کے غریب و مظلوم عوام کے حقوق کے لیے عبدالواحد آریسر کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے کبھی سندھ دھرتی کے مفادات کا سودا نہیں کیا اور ہمیشہ اصولوں پر ڈٹے رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...