مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیاں ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہیں، وزارت خزانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کو ملکی معیشت کے لیے ممکنہ خطرات قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے سے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیاں زرعی شعبے کی پیداوار کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

وزارت خزانہ نے نومبر میں مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ہے، اکتوبر میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 9.6 فیصد پر آگئی، جبکہ ستمبر میں یہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ جولائی تا اکتوبر مالی سال 2027 میں اوسط مہنگائی 10.1 فیصد رہی۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2027 کے باقی عرصے میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔ ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری سے بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال مستحکم ہونے کا امکان ہے، جبکہ صنعتی اور زرعی شعبوں میں بہتری کے امکانات بھی حوصلہ افزا ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گنے کے کرشنگ سیزن سے آئندہ ماہ صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں بہتری سے سرمایہ کاری بڑھنے کا امکان ہے۔ برآمدی شعبے کو اضافی مالی سہولتیں دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جبکہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے سہولت مراکز قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

زرعی شعبے میں بہتری

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی میں 35.4 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تا ستمبر زرعی قرضوں کا حجم 854.7 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ٹریکٹرز کی فروخت میں 40.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اکتوبر میں یوریا کھاد کے استعمال میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں ربیع سیزن 2026-27 کے لیے زرعی امکانات کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔

صنعتی پیداوار میں اضافہ

وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.1 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا اکتوبر ٹرک اور بسوں کی پیداوار میں 55.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک میں سیمنٹ کی ترسیل 2.9 فیصد اضافے سے 17.9 ملین ٹن ہوگئی، جبکہ سیمنٹ کی مقامی ترسیل میں 5.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹیکس وصولیوں اور ترسیلات زر میں اضافہ

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس آمدن بڑھ کر 3 ہزار 387 ارب روپے ہوگئی۔ وفاقی ٹیکس وصولیوں میں 7 فیصد جبکہ صوبائی ٹیکس آمدن میں 11.9 فیصد اضافہ ہوا۔ پٹرولیم لیوی کی وصولی بھی بڑھ کر 381.8 ارب روپے ہوگئی۔

جولائی تا اکتوبر ترسیلات زر میں 14 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران 14.8 ارب ڈالر پاکستان پہنچے۔ اسی عرصے میں ملکی برآمدات میں 8.1 فیصد جبکہ درآمدات میں 12.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

زرمبادلہ ذخائر اور سٹاک مارکیٹ

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 26.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ 26 نومبر کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 276.45 ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں سالانہ بنیادوں پر 9.1 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کے نظام میں بہتری اور توانائی کی بچت پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...