لاہور سمیت مختلف شہروں میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی
فیصل آباد میں صلح نامہ پیش کرنے پر مجرم سلیم کی پھانسی آخری لمحے میں روک دی گئی
لاشیں ورثا کے حوالے ،سانحہ پشاور کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیاگیا لاہور ،فیصل آباد،ملتان(دنیا نیوز،آئی این پی) لاہور سمیت مختلف شہروں میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ، فیصل آباد میں صلح نامہ پیش کرنے پر ایک مجرم کی پھانسی آخری لمحے میں روک دی گئی ،پھانسی کے وقت جیلوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،پھانسی پانے والے مجرموں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی،سانحہ پشاور کے بعد سے اب تک سزائے موت کے 100 سے زائد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں دوہرے قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔اس سے پہلے مجرم کی اہلخانہ سے آخری ملاقات کروا ئی گئی، مجرم محمد عرفان نے 1991ء میں ساندہ کے علاقے میں دو افراد کو قتل کیا تھا ،سینٹرل جیل ملتان میں قید قتل کے مجرم عبدالغفار کو پھانسی دے دی گئی۔مجرم نے 1999ء میں بیوی سمیت تین افراد کو مظفر گڑھ کے علاقے میں قتل کیا تھا۔ساہیوال کی سینٹرل جیل میں قید سزائے موت کے منتظر وزیر نامی مجرم کو پھانسی دے دی گئی ۔وزیر نے 1991ء میں راجن پور میں گھریلو رنجش پر ایک شخص کو قتل کردیا تھا ۔ دوسری طرف فیصل آباد جیل میں ورثا کی جانب سے صلح نامہ پیش کرنے پر سلیم نامی قیدی کی پھانسی آخری لمحے میں روک دی گئی ۔واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سے اب تک سزائے موت کے 100 سے زائد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے ۔