ماہرہ خان کی سگریٹ نوشی، تنقید بلا جواز ہے، خواتین کی آراء

ماہرہ خان کی سگریٹ نوشی، تنقید بلا جواز ہے، خواتین کی آراء

پسندیدہ عمل نہیں، صائمہ افتخار، ملک کے بنیادی مسائل پر بات کی جائے، انیس ہارون ذاتی مسئلہ ،زیبا بختیار، سگریٹ پینا برا نہیں، فرزانہ خان، صحت کیلئے مضر ، بلقیس رحمن

کراچی (رپورٹ :مرزا افتخار بیگ) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کہا ہے کہ ماڈل اور اداکارہ ماہرہ خان کی سگریٹ پیتے ہوئے تصویر وائرل ہونے کے بعد ظاہر کیا جانے والا ردعمل درست عمل نہیں۔ مردوں کی سگریٹ نوشی معمول قرار دینا اور اس پر تنقید نہ کرنا فہم سے بالا ہے ۔ دیہی معاشرے میں اور کہیں کہیں شہروں میں بھی بڑی بوڑھیوں کے علاوہ لڑکیاں بھی حقہ پیتی اور سگریٹ نوشی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ مردوں کی حاکمیت والے معاشرے میں عورت کچھ بھی کرے تو مرد کی انا ضرور مجروح ہوتی ہے ۔ ہمیں کسی کی کردار کشی کے بجائے سگریٹ نوشی کے خلاف آگاہی مہم کو فروغ دینا چاہیے ۔ فضول بحث میں وقت ضائع کرنے کے بجائے مثبت سوچ اپنائی جائے تاکہ ہم مہذب شہری بن کر بہتر معاشرہ پروان چڑھانے میں اپنا کردار بہتر طور ادا کرسکیں۔ جماعت اسلامی شعبۂ خواتین کی سیکریٹری اطلاعات صائمہ افتخار نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں کہا کہ کچھ چیزیں معاشرے میں پسندیدہ اور کچھ ناپسندیدہ ہوتی ہیں۔ سگریٹ نوشی کسی بھی مہذب معاشرے میں پسندیدہ عمل نہیں، خواہ مرد کرے خواہ عورت۔ بہت سے علماء کے نزدیک یہ نشہ ہے اور نشہ کسی بھی مذہب میں پسندیدہ نہیں۔ ہمارے ہاں خواتین تمباکو نوشی کریں تو برا سمجھا جاتا ہے ۔ یہ تصویر جاری نہیں کی جانی چاہیے تھی۔ نیشنل کمیشن فار ویمین رائٹس کی صدر انیس ہارون نے کہا کہ یہ فضول بات ہے ۔ سگریٹ ہاتھ میں ہو تو تنقید کرتے ہیں۔ کوئی بھی کام مرد کریں تو ٹھیک، عورت کرے تو اعتراض۔ لوگوں کے پاس ضائع کرنے کے لیے بہت وقت ہے ۔ کوئی ملک کے بنیادی مسائل کے بارے میں بات نہیں کرتا۔ ماہرہ خان اداکارہ ہے اور تمباکو نوشی کرنا نہ کرنا اس کا ذاتی معاملہ ہے ۔ معروف اداکارہ و ہدایت کارہ زیبا بختیار نے کہا کہ ماہرہ ماڈل اور اداکارہ ہے ۔ اگر وہ سگریٹ پی رہی ہے تو یہ اس کا ذاتی مسئلہ ہے ۔ ہم نہ جانے کیوں ایک آدھ تصویر کا بھی ہوّا کھڑا کردیتے ہیں۔ فنکار کی ذاتی زندگی بھی تو ہوتی ہے ۔ مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ فرزانہ خان نے کہا میری ذاتی رائے ہے کہ سگریٹ پینا بری بات نہیں۔ پنجاب میں اور خاص طور پر دیہی معاشرے میں خواتین خانہ بھی حقہ پیتی ہیں اور تمباکو نوشی کرتی ہیں۔ اگر آج کی لڑکیاں اپنا شوق سگریٹ پی کر پورا کر رہی ہیں تو یہ ان کا ذاتی عمل ہے ۔ ماہرہ خان شوبز کا بڑا نام ہے ۔ سگریٹ نوشی اس کا ذاتی فعل ہے ۔ تنقید بلا جواز ہے ۔ شوبز میں بہت کچھ ہوتا ہے ۔ وہ سگریٹ نوشی کررہی ہے تو برائی کیا ہے ۔ ہمیں مثبت سوچ اپنانا ہوگی۔ سماجی رہنما بلقیس رحمن نے کہا سگریٹ پینا صحت کے لیے مضر ہے ۔ مرد ہو یا عورت، دونوں کے لیے سگریٹ پینا نقصان دہ ہے ۔ رنبیر کپور بھی تو سگریٹ پی رہے تھے ۔ اس حوالے سے تنقید فضول ہے ۔ ہم دوسروں کی ذاتی زندگی میں اتنی دلچسپی کیوں لیتے ہیں؟ مہذب شہری بننے کے لیے ہمیں منفی رویوں سے نکلنا ہوگا۔ کردار کشی کے بجائے سگریٹ نوشی کے خلاف آگاہی مہم چلانا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں