چھاپوں میں کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت21ملزم گرفتار

چھاپوں میں کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت21ملزم گرفتار

الیاس لشکرجھنگوی کاہے،ملزمان میںاسٹریٹ کرمنلزاوربھتہ خوربھی شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرزاورپولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت 21 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے سرجانی ٹاؤن اور سہراب گوٹھ میں الیاس خان اور اسماعیل کو گرفتار کیا ۔ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیاس خان کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد ہے اور وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ، جبکہ اسماعیل منشیات فروش ہے ۔ بغدادی پولیس نے شعبان علی، عبدالحمید، دوست محمد، فریدالدین عرف عبداللہ ، رمضان علی، کامران الطاف اور عبدالرحیم کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کرلیا ۔ اتحاد ٹاؤن پولیس نے فیضان خان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ مدینہ کالونی پولیس نے محمد بخش کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سکھن پولیس نے آصف اور پرویز کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کرلیا۔ ملیر پولیس نے سمیر ، محسن ، اویس اور صابر کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینے ہوئے موبائل فون سیٹ برآمد کر لیے ۔ زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی میں گل شیر، شاہ وزیر ، عادل اور بلال رضا کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گٹکا برآمد کرلیا ۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے اعجاز، رحمت اللہ اور روح الدین کو گرفتار کر کے اسلحہ اور 1500 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روح الدین نے 23 ستمبر کو تیسر ٹاؤن میں فائرنگ کر کے منصور کو قتل کیا تھا، جبکہ اعجاز اور رحمت اللہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ دریں گلشن حدید میں واقع نجی اسپتال میں نوجوان کے قتل میں ملوث دو ملزم پولیس نے گرفتار کر لیے ۔ راجیش نے اسپتال کے ملازم کو غیرت کے نام پر قتل کیا تھا ۔ قتل پر اکسانے والے دوست رمیش کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے اسپتال میں لگے کیمرے کا رخ بھی تبدیل کردیا تھا ۔ منگل کی صبح نواب ولد ایوب کی لاش ملی تھی۔ راجیش نے پولیس کی حراست میں اعتراف کیا کہ اس کی بیوی بھی اسی اسپتال میں ملازمہ ہے اور مقتول نواب سے اس کے تعلقات کے بارے میں رمیش سے سن کر وہ طیش میں آگیا ۔ رمیش بھی اسی اسپتال میں ملازم تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں