رینجرز اور پولیس کے شہر بھر میں چھاپے ، 27ملزم گرفتار

رینجرز اور پولیس کے شہر بھر میں چھاپے ، 27ملزم گرفتار

انعام رسول عرف جاوید، اشتیاق اور سراج کو رینجرز نے پولیس کے حوالے کیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 27 ملزم گرفتار کیے ۔ ملزمان سے اسلحہ، منشیات، لوٹا ہوا سامان اور گٹکا وغیرہ برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے ملیر کے علاقے سعود آبادمیں انعام رسول عرف جاویدکو گرفتار کیا۔ ملزم گوشت مارکیٹ کے دکانداروں سے بھتہ لینے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں رینجرز نے منشیات فروش اشتیاق اور سراج کو گرفتارکیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ تمام ملزمان قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیئے گئے ۔ میٹھا در پولیس نے کچھ روز قبل نجی کمپنی میں ہونے والی واردات میں ملوث رحمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رحمان نجی کمپنی کا ملازم تھا اور کچھ روز قبل کمپنی کے بیرونی دروازے پر لگے ہوئے تالے توڑ کر داخل ہوا اور کیمروں کے رخ تبدیل کرنے کے بعد 3 لاکھ 50 ہزار روپے نکال کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے 80 ہزار روپے برآمد کرلیے ۔ تیموریہ پولیس نے 2 کارروائیوں میں حماد، آصف، علی، نوید، ذیشان اور افتخار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے آفاق کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں مضر گٹکا برآمد کیا۔ اورنگی ٹاؤن پولیس نے غلام علی اور محمد عابد کو گرفتار کرکے 24 بوتل شراب برآمد کی۔ ملزمان مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرتے تھے ۔ عید گاہ پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر علی، حسین، اکرم اور فیصل کو گرفتار کرکے جوا کھیلنے کا سامان اور داؤ پر لگائی ہوئی رقم برآمد کرلی۔ سہراب گوٹھ پولیس نے کچی شراب فروخت کرنے والے چاند کو گرفتار کرکے 15 بوتل سے زائد کچی شراب برآمد کرلی۔ ملزم لاسی گوٹھ میں کچی شراب موٹر سائیکل پر فروخت کرتا تھا۔ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے عامر، اعجاز، منظور شاہ اور احمد حسن کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ سہراب گوٹھ پولیس نے عادل اور رحمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ میٹھادر پولیس نے فیضان اور نوید کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔ سرسید پولیس نے شریف کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں