راحیل شریف کاجی سی یوکے مستحق طلباء کی فیس کیلئے 20لاکھ کا عطیہ
کالج کے دن، اپنی موٹر سائیکل،لال کوٹ یاد آتے ہیں، اساتذہ کا شکرگزار ہوں راوین ہونے پر فخر ہے ،سابق آرمی چیف کا اولڈ راوینز کے عشائیہ سے خطاب
لاہور(نمائندہ دنیا)سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے اپنی مادرِعلمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو مستحق طلبائکی فیس کیلئے 20 لاکھ روپے کا عطیہ دیدیا۔ اولڈ راوینز یونین کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے راحیل شریف نے کہا کالج کے دن، اپنی موٹر سائیکل اور لال کوٹ بہت یاد آتے ہیں، اپنے اساتذہ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عزت اور وقار کے ساتھ زندگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے میری تربیت کی۔ مجھے راوین ہونے پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا گورنمنٹ کالج میں پہلی بار 1964ء میں آیا تھا جب میری بہن نے اس نامور ادارے سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ میرے دو بھائیوں میجر شبیر شریف شہید (نشاں حیدر) اور کیپٹن ممتاز شریف نے بھی جی سی سے ہی تعلیم حاصل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے کہا کہ اولڈ راوینز جی سی یونیورسٹی کی اصل طاقت ہیں جو اس کی ترقی اور تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں - اولڈ روائینز کی سپورٹ سے قائم ہونے والا اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ اب 36 کروڑ روپے تک جا پہنچا ہے جو ہر سال 600 سے زائد مستحق طلبائکوا سکالرشپ دے رہا ہے ۔صدر اولڈ راوینز یونین قاضی آفاق حسین، جنرل سیکرٹری رانا اسعد اور آنریری سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر خالدمنظور بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر یونین کی جانب سے طارق فارانی کو ان کی موسیقی اور جی سی کے لیے خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔