شجاع آباد: تعلقات? نوجوان کی ٹانگیں توڑ دیں فاضل پور: بہنوئی کی ناک کاٹ دی
زمیندارغفارکواللہ دتہ پربیٹی سے تعلقات کاشبہ تھا،نوکروں کے ذریعے اٹھوالیا، بھانے میں تشدد،گندگی پلاکرہوش میں لاتے رہے لیاقت پورکے تنویرنے کنیز سے پسندکی شادی کی تھی،صلح کے بہانے لڑکی کے بھائیوں نے ناک کاٹ دی،ہسپتال منتقل،2ملزم گرفتار
ملتان (کرائم رپورٹر، نمائندگان)شجاع آباد میں تعلقات کے شبہ پربااثرزمیندارنے نوجوان کی ٹانگیں توڑدیں۔گندگی پلاتے رہے ۔فاضل پور میں پسندکی شادی پرسالوں نے بہنوئی کی ناک کاٹ دی۔تفصیل کے مطابق شجاع آباد کے علاقے رسول پور کے زمیندار غفار کو شک تھاکہ اس کی بیٹی ے تعلقات اللہ دتہ سے ہیں ۔اس نے غیرت میں آکر اپنے نوکر وں کو نوجوان کے گھر بھیج دیا جواسے اٹھاکر ڈیرے پر لے آئے ۔ زمیندار نے اپنے بیٹوں اور نوکروں کے ہمراہ نوجوان کو رسیوں سے باندھ دیا اور بھینسوں کے بھانے میں لے جاکرڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد شروع کردیا۔ چیخ وپکار پر سینکڑوں افراد بھانے میں پہنچ گئے لیکن کسی کی چھڑانے کی ہمت نہ ہوسکی۔ تشدد سے نوجوان کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ اللہ دتہ کئی بار بے ہوش ہوا۔ زمیندار گندگی پلا کر اور چہرے پر ڈال کر ہوش میں لاتااور پھرتشدد کا سلسلہ شروع کردیتا۔تشدد دیکھ کر بھانے میں موجودجانور بھی لرزاٹھے ۔حالت غیر ہونے پر زمیندار نے ساتھیوں کی مدد سے نوجوان کو سڑک کنارے پھینک دیا۔ دریں اثناعلاقے کے وڈیرے راناسراج نے اللہ دتہ کے گھر والوں کو بلا کر پنچایت رکھی اور قانونی کارروائی نہ کرنے پر زبردستی زمیندار غفار سے صلح نامہ کرادیا۔ لواحقین غریب ہونے پر مان گئے اور نوجوان کو زخمی حالت میں لیکر لودھراں کے نجی ہسپتال پہنچ گئے ۔ میڈیا پر خبر چلنے پر انتظامیہ جاگ گئی اور زمیندار غفار سمیت7افراد کو گرفتارکرلیا ۔زخمی کو لودھراں سے کوٹلی نجابت کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ راجہ رام نے کہاہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔آرپی اوادریس احمداورسی پی او ملتان سرفراز احمد فلکی نے تھانہ راجہ رام کے علاقے میں نوجوان پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی شجاع آباد اور ایس ایچ او تھانہ راجہ رام کو تمام ملزموں کی جلد گرفتاری اور میرٹ پر تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پولیس کے مطابق زمیندارغفاراور الطاف کو گرفتار کر لیا ہے ۔یادرہے کہ شجاع آبادمیں اس سے قبل بھی ایک نوجوان پر وحشیانہ تشدد کیا گیا۔گندگی پلائی گئی لیکن ملزمان کے خلاف آج تک موثر کارروائی نہ ہوسکی ۔دوسری طرف آر پی او نے گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے واقعہ پر ایس پی لیگل محمد عارف، ڈی ایس پی منصور عالم خان اور ڈی ایس پی سکیورٹی طلعت حبیب پرمشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے جو24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری طرف فاضل پورمیں پسندکی شادی پرلڑکی کے بھائیوں نے حملہ کرکے بہنوئی کی ناک کاٹ دی۔ لیاقت پور کے رہائشی تنویر نے دو سال قبل قصبہ شکار پور کی رہائشی رشتہ دار لڑکی کنیز سے پسند کی شادی کی تھی ۔چندروزقبل لڑکی کا بہنوئی اور دیگر رشتہ دار صلح کابہانہ بنا کر انہیں شکار پور لے آئے ۔موقع پا کر لڑکی کے بھائیوں سعید،مختار اورعرفان نے دیگر رشتہ داروں سے ملکر تیز دھار آلے سے اپنے بہنوئی کی ناک کاٹ دی۔ پولیس تھانہ صدر راجن پور نے زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے 2ملزمان کوگرفتارکرکے مقدمہ درج کر لیا ۔