وزارت داخلہ : پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم
شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے سے سابق صدر کوئی سفر نہیں کرپائینگے نہ پراپرٹی خرید سکیں گے ،بینک اکاؤ نٹس بھی منجمد ہوجائینگے وزارت داخلہ کا حکم نامہ خصوصی عدالت کی ہدایت پر جاری کیا گیا،ذرائع ،تحریری حکم نامہ نہیں ملا ،صرف زبانی آگاہ کیا گیا ہے ،نادرا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کیلئے نادرا کو خط لکھ دیا۔ تاہم نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی تحریری حکم نامہ نہیں ملا البتہ صرف زبانی طور پر آگاہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے وزارت داخلہ کی طرف سے یہ حکم نامہ خصوصی عدالت کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق صدرپرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کردیا جائے ۔نادرا ذرائع کا کہنا ہے و زارت داخلہ کا خط موصول ہونے کے بعد نادرا سابق صدر کا شناختی کارڈ بلاک کریگا، اس سے ان کا پاسپورٹ بھی از خود بلاک ہوجائے گا جس کے بعد وہ کوئی سفر نہیں کرسکیں گے ، ان کا کسی بھی ملک کیلئے سفر کرنا غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔سابق صدر کا شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کی صورت میں پاکستان میں انکے بینک اکا ؤ نٹس بھی منجمد ہوجائینگے اور وہ کوئی پراپرٹی بھی نہیں خرید سکیں گے ۔