عمران اسماعیل تحریک انصاف کے دیرینہ اور متحرک رکن
1997 میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا،1992 میں شوکت خانم کے رضاکار بنے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنمائعمران اسماعیل کو گورنر سندھ مقرر کردیاگیاہے ۔عمران اسماعیل تحریک انصاف کے دیرینہ اور متحرک رکن کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔عمران اسماعیل 1966ء میں کراچی میں پیدا ہوئے ۔ابتدائی تعلیم کینٹ پبلک اسکول سے حاصل کی ،جس کے بعد انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کامرس کالج ،اورگریجویشن نیشنل کالج سے مکمل کیا۔انہوں نے لیدر ٹیکنالوجی اور لیدر کیمیکل کی اسناد اٹلی اور امریکا سے حاصل کیں۔انہوں نے فلاحی وسماجی بہبود کاآغاز 1992ء میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ میں رضاکارکی حیثیت سے کیا،جس کے بعدانہوں نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کیلئے چندہ مہم کا آغازکیا ،اس دوران انہوں نے بین الاقوامی میگااسٹارزکی مدد بھی حاصل کی ،بالی ووڈ سے عامرخان نے پاکستان آکر چندہ مہم میں شرکت کی۔انہوں نے 2010ء میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاری کے بعد عمران خان فاؤنڈیشن کی بنیاد ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس مہم میں انہوں نے جامشورو میں سیلاب زدگان کی امدادکیلئے اسپتال قائم کیا ،جس میں تقریباپانچ ہزار مریضوں کاعلاج کیا گیااور 100 سے زائدحاملہ خواتین کی دیکھ بھال کی گئی۔اسی حوالے سے انہوں نے پکار فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری میں کلیدی کردار اداکیا، جس کے ذریعے 2ارب سے زائد کا چندہ جمع کیا گیا۔ان کو تحریک انصاف کابانی رکن ہونے کااعزاز حاصل ہے ۔انہوں نے 1997ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ہی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 91،جو کہ اب پی ایس115ہے ،سے حصہ لیا، 2014 میں عزیز آباد کے حلقے این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا اور 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس 111 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔وہ اس عرصے میں پارٹی کے بیشتر عہدوں پر فائزرہے ،وہ صدرکراچی ڈویژن ، صدر سندھ، اور بیشتر دیگر کمیٹیوں کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔پارٹی میں ان کی موجودہ ذمہ داری مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہے ۔وہ کراچی چیمبرآف کامرس اور کورنگی انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں ۔ان کو کراچی چیمبر آف کامرس کی فنانس کمیٹی کا سابق چیئرمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔