ضمنی انتخابات:سمندر پار پاکستانیوں کا ایک ووٹ 15ہزار کا پڑا
7ہزار 3سو64رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 6ہزار 2سو33نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا
اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں )ملک بھر میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں نے پہلی مرتبہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور کاسٹ ہونے والا ہر ووٹ قومی خزانے کو 15 ہزار روپے کا پڑا۔میڈیارپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ نظام کے تحت ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے عمل میں 9 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ آئی ووٹنگ سوفٹ ویئر پر سب سے زیادہ خرچہ ہوا ٗ دیگر عمل میں اخراجات برائے نام تھے ۔الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے کہا کہ 7 ہزار 3 سو64 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف 6 ہزار 2 سو33 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور ایک ووٹ کا خرچ 15 ہزار روپے تھا۔