دنیا کا چکر لگانے کا مشن، فخر عالم کا کراچی پہنچنے پر گورنر نے استقبال کیا
امریکا سے آغاز کیا، آدھا مرحلہ طے ، اب یہاں سے دیگرممالک کا سفر کر کے مہم مکمل ہو گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دنیا کا چکر لگانے کے مشن پر گامزن پاکستانی گلو کاراور سماجی کارکن فخر عالم اور ان کی ٹیم کا کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر استقبال کیا۔ فخر عالم نے امریکا کی ریاست فلوریڈا سے 10 اکتوبر 2018 ء سے دنیا کا چکر لگانے کی مہم شروع کی تھی اور کراچی پہنچنے پران کے مشن کا آدھا مرحلہ(آدھی دنیا کا چکر) مکمل ہو گیا ہے ۔ وہ کراچی کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے اپنی مہم مکمل کریں گے ۔ وہ اپنے مشن میں دنیا کے 25 ممالک کا دورہ کر رہے ہیں جو 28 روز میں مکمل ہو گا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ فخر عالم نے پاکستانی پرچم تھامے دنیا کا چکر لگانے کا مشن شروع کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ صدر مملکت، وزیر اعظم اور پوری قوم کی طرف سے میں فخر عالم کو مبارک باد پیش کرتاہوں ۔ اس موقع پر فخر عالم نے کہا کہ میں اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک سے پاکستان آتا رہا ہوں لیکن آج جب میرا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو میرے دل میں عجیب سے احساسات ابھرنے لگے جو اس سے قبل کبھی نہیں ابھرے ۔ پوری دنیا کا چکر لگانے کا مقصد وطن کا نام روشن کرنا ہے اور اس کاوش پر حوصلہ افزائی کرنے پر میں صدر، وزیر اعظم ،گورنرسندھ، سول ایوی ایشن اتھارٹی ، پاکستان ایئر فورس اور میڈیا کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ یاد رہے کہ فخر عالم پہلے پاکستانی ہوں گے جو دنیا کا چکر مکمل کر رہے ہیں، اس سے قبل پاکستانی باپ بیٹے نے بھی کوشش کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔