مصالحتی کوششیں، چودھری نثار کی رواں ہفتے لندن روانگی متوقع

مصالحتی کوششیں، چودھری نثار کی  رواں ہفتے لندن روانگی متوقع

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سینئر سیاستدان چو دھری نثار کے درمیان صلح کیلئے آخری کوشش کے طور پر اسحاق ڈار متحرک ہو گئے

اسلام آباد (طارق عزیز) اس سلسلہ میں رواں ہفتے چو دھری نثار کی لندن روانگی کی اطلاعات ہیں جبکہ شہباز شریف، اسحاق ڈار پہلے سے وہاں موجود ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے مریم نواز کے لندن جانے کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے ،ریلیف ملنے کی صورت میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز فوری لندن جائیں گی ، رپورٹ کے مطابق چودھری نثار کی لندن میں ذاتی مصروفیات ہیں جس میں خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے ساتھ ہونگے ، لندن موجودگی کے دوران ان کی نوازشریف کے ساتھ ملاقات کی کوشش کی جائے گی جس کیلئے شہباز شریف اور اسحاق ڈار راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار، چودھری نثار کو مشورہ دیں گے کہ وہ نوازشریف کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر جائیں اور بیگم کلثوم کی وفات پر ان کے ساتھ تعز یت کریں، چو دھری نثار اگراس پر راضی ہو گئے تو برف پگھلنا شروع ہو جائیگی ،چودھری نثار رواں ہفتے لندن روانہ ہونگے جہاں پر ان کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، ملاقاتوں میں پنجاب اور مرکز میں تبدیلی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں