کورونا:اپریل تاجون7 کروڑ 10لاکھ افرادغربت کاشکار
عالمی بینک نے کہا ہے کورونا کی وبا کے باعث اپریل سے جون تک 7 کروڑ 10 لاکھ افراد انتہائی غربت کا شکار ہوگئے ہیں
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) اگر 30 ستمبر تک کورونا پر قابو نہ پایا جاسکا تو یہ تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرسکتی ہے ۔ خط غربت سے نیچے جانے والے افراد کی اکثریت جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھتی ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہیں۔ کورونا کے پھیلائو کے بعد لاک ڈائون کے باعث 17 کروڑ 60 لاکھ افراد غربت کے اس سلیب سے نیچے چلے گئے ہیں جن کی یومیہ آمدن 3 ڈالر 20 سینٹ ہے ۔ یومیہ 5 ڈالر 50 سینٹ کمانے والے افراد بھی کورونا کے باعث بری طرح متاثر ہوئے اور 17 کروڑ 70 لاکھ افراد اس آمدن کے قابل نہیں رہے ۔ کورونا سے قبل تخمینہ لگایا گیا تھا کہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد 74 کروڑ سے کم کرکے 2021 کے اختتام تک 57 کروڑ تک کم کی جائے گی۔ عالمی بینک کی تعریف کے تحت یومیہ1ڈالر93سینٹ کمانے والی آبادی کو غریب ترین تصور کیا جاتا ہے ۔ کورونا کے باعث 7کروڑ 10لاکھ افراد اس کمائی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔