ویکسین کی 10 لاکھ ڈوز خریدنے کیلئے ڈیڑھ ارب مختص ، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے: بزدار

ویکسین کی 10 لاکھ ڈوز خریدنے کیلئے ڈیڑھ ارب مختص ، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے: بزدار

ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ، پریس کلب کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات ، صحافی کالونی کے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز خریدنے کیلئے 1ارب 50کروڑروپے مختص کرنے کا اعلان کر دیا ۔وزیراعلیٰ نے مینار پاکستان کے قریب ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں قائم کو رونا ویکسی نیشن سنٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے فنڈز مختص کردیئے ہیں اوراس ضمن میں پنجاب حکومت تقریباً10لاکھ سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں خرید ے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کیا ،مجھے خوشی ہے کہ سنٹر میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے بھی خصوصی انتظامات موجو د ہیں،جس پر میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں اورخصوصی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے گھر میں ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ4لاکھ لوگوں کو کور ونا ویکسین دی جاچکی ہے ،بتدریج ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھائیں گے ۔حکومت پنجاب کورونا ویکسین کی 10 لاکھ ڈوز خرید رہی ہے ،جس کے لئے 1 ارب50کروڑ روپے مختص کر دئیے ہیں۔ لاہور میں مزید ویکسی نیشن سنٹر بنا رہے ہیں،اب پنجاب میں کل سنٹر 127 ہو جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں، اسی میں آپ کا اور آپ کے پیاروں کا فائدہ ہے ۔ہمارا مقصدلوگوں کوتنگ کرنانہیں بلکہ ان کی صحت کی حفاظت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سیاست کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں۔ہم عوام کی خدمت کا کام کرتے رہیں گے ۔لوکل گورنمنٹ پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے ،اس کے مطابق آگے بڑھیں گے ۔عثمان بزدار نے مینار پاکستان کے قریب ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کیا۔بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کیلئے پک اینڈ ڈراپ کیلئے خصوصی ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایمبولینس کا معائنہ کیا اور محکمہ صحت کے احسن اقدام کو سراہا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایمبولینس سروس کے ذریعے بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کیلئے گھر سے سنٹر پرلانے اورپھر گھر ڈراپ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صحافی کالونی ہربنس پورہ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور پریس کلب کے وفد نے صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ ایل ڈی اے ، واسا اور دیگر اداروں سے متعلقہ امور کے حل کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس سال کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی اور صحافی برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیئے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں