ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جلد مکمل ہوگی:یاسمین راشد

ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جلد مکمل ہوگی:یاسمین راشد

تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے :وزیر صحت 50سال سے زائد عمر کے افراد تصدیقی کوڈ کیساتھ ویکسی نیشن سنٹر پہنچیں

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرمیں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر،بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور صوبہ بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاتفصیلی جائزہ لیا گیا، یاسمین راشد نے کہا وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت اٹک،ڈی جی خان،جھنگ،قصور،میانوالی،راجن پور،لودھراں اور چنیوٹ کے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکئے جارہے ہیں،آٹھ بڑے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مدراینڈچائلڈہسپتالوں کی تعمیر جلد مکمل کرلیں گے ، تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے ،کئی ترقیاتی سکیمیں رواں مالی سال میں مکمل ہوجائیں گی۔دریں اثنا انہوں نے سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرسارہ اسلم کو 50سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسی نیشن مہم کے آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا 50سے 59سال عمرکے افرادبذریعہ ایس ایم ایس تصدیقی کوڈ حاصل کرنے کے بعدہی ویکسی نیشن سنٹرزپر تشریف لائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں