کورونا سے قیمتوں میں اضافہ ، صوبے کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں ، وزیر خزانہ

کورونا سے قیمتوں میں اضافہ ، صوبے کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں ، وزیر خزانہ

عالمی منڈی میں روزمرہ استعمال کی اشیامہنگی ہوئیں،اجارہ داری کی اجازت نہیں دینگے :وزیرخزانہ کی اجلاس میں ہدایت اپریل میں عالمی سطح پرتیل178،چینی57فیصدمہنگی ہو ئی ،40لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمدکی سمری ای سی سی میں پیش ہوگی

اسلام آباد( خبر نگار خصوصی ، اے پی پی)وفاقی وزیرخزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی منڈ ی میں روزمرہ استعمال کی اشیا بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ مقامی صارفین پر اس کے اثرات کم کرنے کیلئے حکومت رمضان سہولت وسستا بازار اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے جامع کوششیں کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل وگھی، دالوں اور مرغی کی قیمتوں کاجائزہ لیا گیا۔مسابقتی کمیشن کے چیئرمین نے پولٹری انڈسٹری سے متعلق انکوائری کے نتائج پیش کئے جس کے مطابق غیرمسابقتی طرزعمل کی وجہ سے چکن فیڈز کی قیمتیں بڑھنے سے مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے بتایا گزشتہ ہفتے 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 26 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سید فخرامام نے صوبوں اور پاسکو کی جانب سے گندم کی خریداری اور مناسب قیمت پر گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا گندم کی خریداری کے حوالے سے پنجاب باقی صوبوں سے آگے ہے ۔ سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے بتایا سٹرٹیجک ذخائر میں اضافہ اور ملک بھر میں گندم کی سہل انداز میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کیلئے سمری ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ وزیرخزانہ نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کے یومیہ اجرا کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کووڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر اپریل کے مہینہ میں 178 فیصد اور چینی کی قیمت میں 57 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح پام آئل، سویابین آئل اور گندم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جس سے مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے ۔ وزیرخزانہ نے کہا کارٹلائزیشن کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سخت کارروائیاں کریں ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں