حکومت کہتی کچھ ، اگلے روز کرتی کچھ اور ہے ، غیر یقینی پالیسی سے ملک کا بے انتہا نقصان ہوا ، شہباز شریف

حکومت کہتی کچھ ، اگلے روز کرتی کچھ اور ہے ، غیر یقینی پالیسی سے ملک کا بے انتہا نقصان ہوا ، شہباز شریف

اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ، روکا نہ گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی وبربادی کے جہنم میں جاگرے گی بیانات کافی نہیں، عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ اسرائیل کو ظلم وبربریت سے روکنے کے لئے فوری کردار ادا کریں

اسلام آباد ،لاہور ( سیا سی رپورٹر ،اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ ن کے صدر ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غیر یقینی پالیسیوں سے ملک کو بے انتہا نقصان ہوا ہے ، پی ٹی آئی کی حکومت کا وتیرہ ہے کہ ایک دن کچھ کہتی ہے اور اگلے دن اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے کرتی کچھ اور ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ لاپرواہی اور لاتعلقی کے اس رویے کی جھلک خارجہ تعلقات سمیت گورننس کے تمام پہلوؤں میں عیاں ہے اس نہ ختم ہونے والی غیر یقینی پالیسی سے پاکستان کو بے انتہا نقصان ہوا ہے ۔ دریں اثناء شہباز شریف نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت اور فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار رنج وغم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ اسرائیل کو ظلم وبربریت سے روکنے کے لئے فوری کردار ادا کر ے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور فلسطینیوں کے قتل عام کو رکوایا جائے ، اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے ،اسرائیلی ظلم نہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی وبربادی کے جہنم میں جاگرے گی ، یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیانات کافی نہیں، بے گناہوں کو بچانے کے لئے عملی قدم اٹھانا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں