شادی سے متعلق ملالہ کے انٹرویو پر تنقید ، توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا:والد

 شادی سے متعلق ملالہ کے انٹرویو پر  تنقید ، توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا:والد

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا شادی سے متعلق بیان تنقید کی زد میں آگیا،معاملہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا،ملالہ یوسفزئی کو برطانوی فیشن میگزین ووگ کے جولائی 2021 میں شائع ہونے والے پرنٹ ایڈیشن کے سرورق کیلئے منتخب کیا گیا تھا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا شادی سے متعلق بیان تنقید کی زد میں آگیا،معاملہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا،ملالہ یوسفزئی کو برطانوی فیشن میگزین ووگ کے جولائی 2021 میں شائع ہونے والے پرنٹ ایڈیشن کے سرورق کیلئے منتخب کیا گیا تھا، ووگ کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں انہوں نے مختلف معاملات کے علاوہ شادی کے موضوع پر بھی بات کی ،انہوں نے کہا مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے ؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی؟دیگر ماؤں کی طرح میری والدہ بھی اس بات سے اتفاق نہیں کرتیں، انہوں نے مجھ سے کہا کہ آئندہ ایسی بات نہیں کرنا، تم نے شادی کرنی ہے ، شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے ۔ملالہ کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ ملالہ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کیا جارہا ہے جن میں ملالہ کے والد ضیاالدین یوسف زئی بھی شامل ہیں۔پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ٹویٹر پر سوال کے جواب میں ضیاالدین یوسف زئی کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا نے انٹرویو کے اقتباس کو سیاق و سباق سے نکال کر اور تبدیل کرکے اپنی تاویلات کے ساتھ شیئر کیا ہے ، اس حوالے سے خود ملالہ یوسفزئی کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں