نیب عوام اور کاروبار دوست ادارہ ہے :جاوید اقبال

نیب عوام اور کاروبار دوست ادارہ ہے :جاوید اقبال

کسی فردیاجماعت سے وابستگی نہیں، بدعنوانی کے 1273 ریفرنسز دائر کیے

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،اے پی پی)چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا کہ نیب عوام اور کاروبار دوست ادارہ ہے ۔ نیب کاروباری برادری کا بہت احترام کرتا ہے جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ نیب کی کسی فرد ،جماعت یا تنظیم سے کوئی وابستگی نہیں ۔ نیب صفر فیصد کرپشن 100فیصد ترقیاتی پالیسی پر پختہ یقین رکھتا ہے ۔شوگرمافیا ، جعلی اکا ئونٹس ، منی لانڈرنگ ، ایل این جی ، 56 کمپنیوں ، اختیارات کا ناجائز استعمال ، آمدن سے زیادہ اثاثوں اور بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکا دہی سے لوٹنے کے معاملات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ انہوں نے چیمبرز آف کامرس، اسلام آباد میں بزنس کمیونٹی سے نہ صرف خطاب کیا بلکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کراچی (ایف پی سی سی آئی) ، فلور ملز ایسوسی ایشن ، کاٹن جنرز ایسوسی ایشن اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفودسے ملاقاتیں کیں۔ نیب نے انکم ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور انڈر انوائسنگ کے معاملات ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ نیب نے بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ کے لئے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی نگرانی میں خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے ۔ گیلانی اینڈگیلپ کے سروے کے مطابق 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد ظاہر کیا ہے ۔نیب نے ملک بھر میں احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1273 ریفرنسز دائر کردیئے ہیں۔ان میں بزنس کمیونٹی کے خلاف ایک فیصد سے بھی کم ہیں۔ جسٹس جاوید اقبال کی متحرک قیادت میں نیب کی انتظامیہ نے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 487 ارب روپے کی وصولی کی ہے ۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک کل رقم 814ارب وصول کئے ہیں جو کہ ریکارڈ کامیابی ہے ۔ریکور کی گئی رقم میں سے نیب کے افسران اورعہدیداروں کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا کیونکہ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں