بدعنوانی کاخاتمہ قوم کی آواز بن چکا :چیئرمین نیب

 بدعنوانی کاخاتمہ قوم کی آواز بن چکا :چیئرمین نیب

نوجوانوں کیلئے 50ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہرقسم کی بدعنوانی ختم کی جاسکتی :اعلامیہ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم اور ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے لوگوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر نیب کی حکمت عملی کو سراہا ہے ، یہ نیب کی شاندار کامیابی ہے ، نیب مختلف سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں،میڈیا، سول سوسائٹی اورمعاشر ے کے دیگرطبقات سے مل کرکام کر رہا ہے ، ملک بھر کے سکولوں اورکالجوں میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں، نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی تمام بیماریوں کی جڑہے ،نیب کی موثر آگاہی اور روک تھام کی حکمت عملی کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں جس کو عالمی اقتصادی فورم نے سراہا ہے ۔ نیب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن گیا ہے ۔ نیب کے میڈیا ونگ نے مفت پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے نیب کی آگاہی و تدارک کی مہم میں کرپشن فری پاکستان کو اجاگر کیا ، ملک بھر میں لوگوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے تمام شیڈول بینکوں کی اے ٹی ایم سکرینز پر نیب کا پیغام چلتا ہے ،نیب نے ایچ ای سی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہرقسم کی بدعنوانی کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں