ملک بھر میں آج عید الاضحی ، لاکھوں جانوروں کی قربانی ہوگی

ملک بھر میں آج عید الاضحی ، لاکھوں جانوروں کی قربانی ہوگی

قربانی کیلئے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ، ضرورتمندوں کی مددکریں، صدر،وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور (اپنے رپورٹرسے ،سیا سی رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں عیدالاضحی کا تہوار آج بدھ کو مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا ، چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے جس کے بعدلوگ سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں لاکھوں جانور قربان کریں گے ،نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی ،کشمیر کی آزادی اور عالمی وبا ئکورونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمرا ن خان نے اپنے پیغام میں کہا قربانی کیلئے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ہے ، ضرورتمندوں کی مددکی جائے ، عمران خان نے کہا قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے ، حکومت مختلف سکیموں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہنے ، ہاتھ دھوئے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغامات میں کہا عید الاضحی ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے ، ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے ۔ادھر سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)اور دیگر خلیجی ریاستوں، یورپ، امریکا، کینیڈا، انڈونیشیا، جاپان اور افغانستان اور دنیا کے دیگر خطوں میں منگل کے روز عید منائی گئی،ہمسایہ ملک چین میں بھی گزشتہ روز عید الاضحیٰ منائی گئی بھارت میں آج عید منائی جائے گی جبکہ کراچی میں بوہری برادری نے بھی گزشتہ روز ہی عیدالاضحی منائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں