مقدمات میں سزا کی شرح 66فیصد ہے :چیئرمین نیب

 مقدمات میں سزا کی شرح 66فیصد ہے :چیئرمین نیب

نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھتے ہوئے کردار ادا کر رہا ہے ، اب تک 814 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ، جسٹس جاوید اقبال

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کیلئے پر عزم اوربدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہا ہے ، نیب بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے قائم کیا گیا،انہوں نے کہا کہ نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے لوٹی گئی رقم وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرانے کے لئے کوششیں دو گنا کردیں ،چیئرمین نے کہا نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 814 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جبکہ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 66فیصد ہے جو کہ انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کے مقابلے میں شاندار کارکردگی ہے ،نیب کی کارکردگی کو قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں نے سراہا ہے ، نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے اورپاکستان نے ماضی میں اس کی توثیق کی ہے ،پاکستان واحد ملک ہے جس نے انسداد بدعنوانی کیلئے تعاون بڑھانے اور سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔انہوں نے کہا نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جو کہ دو انویسٹی گیشن افسران ،لیگل کنسلٹنٹ،فنانشل اور فرانزک ایکسپرٹ پر مشتمل ہے ،نیب نے پہلی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک،سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے ،وائٹ کالر کرائمز اورمنی لانڈرنگ کے مقدمات کونمٹانے کیلئے نیب نے پاکستان ٹریننگ اینڈ ریسرچ اکیڈمی قائم کی ہے ،انہوں نے کہانیب کی کارکردگی میں بہتری کیلئے تمام علاقائی بیوروز کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں