وزیر اطلاعات کا صحافیوں کیلئے فلیٹ تعمیر کرنیکا اعلان
کامیاب پاکستان سکیم کے تحت 10 سے 30 لاکھ تک آسان قرضے بھی دیئے جائینگے ، وزیر اطلاعات کی لاہور پریس کلب، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی قیادت سے ملاقات
لاہور (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے لاہور پریس کلب، پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کی منتخب قیادت سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے لاہورمیں صحافیوں کے لئے دو ہزار کنال زمین پر پانچ پانچ مرلے کے فلیٹ تعمیر کرنے جبکہ صحافیوں کے لئے کامیاب پاکستان سکیم کے تحت 10 لاکھ سے 30 لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ قرضے لاہور پریس کلب، کراچی پریس کلب، نیشنل پریس کلب اسلام آباد،پشاور پریس کلب اور کوئٹہ پریس کلب کی تصدیق پر دیئے جاسکیں گے ۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری،سینئر نائب صدر جاوید فاروقی، سیکرٹری زاہد چودھری،جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر قمرالزمان بھٹی، جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر افضال طالب اور سیکرٹری عباس نقوی سے ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے قیام اور صحافیوں کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لئے حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی۔اس موقع پر ارشد انصاری نے وفاقی وزیر اطلاعات کو پاکستان میڈیا اتھارٹی بل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان بھر کے صحافی آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے ۔ ویج ایوارڈ اور تنخواہوں کی ادائیگی کو سرکاری اشتہارات کے ساتھ منسلک کیا جائے ۔