مہنگا پٹرول : ظالم حکمران عوام کو بغاوت پر مجبور کررہے ہیں : شہباز شریف ، عمران خان نے کہا رلاؤں گا ، قوم رو رہی ہے : بلاول بھٹو

مہنگا پٹرول : ظالم حکمران عوام کو بغاوت پر مجبور کررہے ہیں : شہباز شریف ، عمران خان نے کہا رلاؤں گا ، قوم رو رہی ہے : بلاول بھٹو

مہنگائی کا نیا بم چلایا، بدترین حالات حکمرانوں کی ناکامی کی چیخ چیخ کر دہائی دے رہے ،معاشی تباہی قیامت صغریٰ سے کم نہیں ، اپوزیشن لیڈر ، ،پٹرول ، ڈیزل مہنگا کرنا ظلم :حمزہ ، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے ؟ عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا گیا ، چیئرمین پی پی ،نیا پاکستان اب مہنگا پاکستان بن چکا ، شیری رحمن ، پرویز اشرف کا ردعمل

لاہور( اپنے سٹاف رپورٹر سے )مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے حس اور ظالم حکمران عوام کو بغاوت پرمجبور کر رہے ہیں۔ بدترین حالات حکمرانوں کی ناکامی کی چیخ چیخ کر دہائی دے رہے ہیں جو اپنی ناکامیوں پر استعفیٰ دینے کے بجائے ملک اور قوم کواندھے کنوئیں میں لے جارہے ہیں۔ اس ظلم کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ اس طرح ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا گھر۔اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخی مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 5 روپے اور اس سے زائد فی لٹر مزید اضافہ کرکے ظالم پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کا نیا بم چلایا ۔حکومت کی معاشی دہشت گردی اور ملک کی معاشی تباہی پاکستانی عوام کے لیے قیامت صغریٰ سے کم نہیں ۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے اضافے پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مہنگائی کے سونامی میں یہ عوام پر ظلم ہے ۔تبدیلی کا یہ سبز باغ پاکستان کو بہت مہنگا پڑ رہا ۔ نااہل حکومت معیشت کی مضبوطی کے نام نہاد دعوے کرتی ہے لیکن عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے ، ڈالر بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے شوگر بلڈ پریشر کی ادویات میں بھی 17 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ حکومتی ترجمانوں کی فوج اب عوام پر احسان دھرنے کو پٹر ول کی قیمت کے دنیا سے تقابلی جائزے کی پریس کانفرنسیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کی اس حکومت میں نہ صلاحیت ہے اور نہ ہی ارادہ مہنگائی پہلے ہی 13 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 17 فیصد پرپہنچی ہوئی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ان پر بم بن کر گرے گا،تحریک انصاف مہنگائی کی چکی میں عام آدمی کا تیل نکال رہی ہے ۔مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران خان گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ عمران کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ سائیکل کتنے کا مل رہا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کردیا، انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ پٹرول پانچ روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب قوم کے اچھے دن کب آئیں گے ؟ ۔عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے ۔عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجارہے ہیں ۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی جیبیں کترنے کے مترادف ہے ۔پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدرسینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ تبدیلی سرکار نے گزشتہ 3 سال میں تیل کی قیمتوں میں 28 روپے فی لٹر اضافہ کیا ہے ،نیا پاکستان اب مہنگا پاکستان بن چکا ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ مہنگائی اور غربت کا نیا طوفان آنیوالا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں