ڈالر اوپر ،روپیہ گر رہا ، صورتحال خطرناک :تھینک ٹینک

ڈالر اوپر ،روپیہ گر رہا ، صورتحال خطرناک :تھینک ٹینک

عوام کے دل کو انٹرویوز سے نہیں بہلایا جاسکتا : ایاز امیر، آج مافیاز کا راج: سلمان غنی ، عام آدمی کو رگڑا جارہا : حسن عسکری ، زیادہ ڈالر تیل کی امپورٹ پر خرچ ہوتے: خاور

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے ،روپیہ گر رہا ہے ،اب خطر ناک حد تک پہنچ گیا ،کھانے کا آئل ،گھی کی قیمتیں بہت بڑھ چکی ہیں ،یہ خطرناک صورتحال ہے ۔پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’ کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے جواب دیئے جاتے ہیں ۔شروع سے باتیں کی جاتی رہیں کہ ہم نے گروتھ کی جانب جانا ہے ،پاکستان ایشین ٹائیگر بن رہا ہے ،حالت یہ ہے کہ ڈالر ہاتھ سے نکل گیا ،ان کی صرف باتیں ہیں ،عوام کے دل کو انٹرویوز سے نہیں بہلایا جاسکتا ۔دنیا نیوز کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ لگتا ہے حکومت کا کسی بھی چیز پر کنٹرول نہیں ۔مسلسل تیرہویں ہفتے بھی اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں ،مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ،لوگ پانی سے روٹی کھانے پر مجبور ہیں ،ہم سمجھتے تھے ‘‘ون پیج ’’ آئے گا تو ملک سے بیروزگاری ختم ہوگی ،حالت یہ ہے کہ آج مافیاز کا راج ہے ،مہنگائی کے آگے بند باندھنے کیلئے کوئی نہیں ۔اپوزیشن خاموش نظر آتی ہے ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ باتوں سے مسائل حل ہونے ہوتے تو پاکستان میں کوئی مسئلہ نہ رہتا ۔ملکی طاقتور قوتوں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے ،عام آدمی کو رگڑا جارہا ہے ، باہر سے چیزیں دھڑا دھڑ پاکستان آرہی ہیں ،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ کرنسی ریٹ بڑھنے سے ملک کے باشندوں پر اثر آتا ہے ،ہمارے سب سے زیادہ ڈالر تیل کے امپورٹ بل پر خرچ ہوتے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں