اگلے سال انتخابات، فیصلہ عمران خان کے ہاتھ میں نہیں : فضل الرحمن

اگلے سال انتخابات، فیصلہ عمران خان کے ہاتھ میں نہیں : فضل الرحمن

عمران نے اپنی نااہلی سے ملک کا بیڑا غرق کردیا، بلاول خود مختار نہیں ، پیپلزپارٹی نے پہلے دن سے دھوکے دیئے ، طالبان حکومت تسلیم کی جائے ، امریکا اور اتحادی افغانستان کو کس منہ سے تجاویز دے رہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

لاہور(نامہ نگار خصو صی) جے یو آئی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدرمولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان فوری طور پر طالبان حکومت کو تسلیم کرے اور انہیں اپنے معاملات حل کرنے دے ۔ وہ سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کے گھر ان کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 40 سال طالبان غیر ملکی قوتوں کا مقابلہ کرتے رہے ، امریکا اور اس کے اتحادی شکست کھا کر افغانستان سے بھاگے ہیں اور اب وہ کس منہ سے طالبان کو تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ طالبان کا اپنا ایک مزاج ہے اور وہ اپنی مرضی سے اپنے فیصلے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں متعدد بار طالبان کو مختلف مشورے دیئے جو انہوں نے سنبھال کر رکھ لئے اور آج ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مشورے اپنی مرضی سے استعمال کر رہے ہیں ،یوں لگتا ہے کہ طالبان نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں ۔انہوں نے کہا دنیا یہ توقع کر رہی تھی کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر خون ریزی ہو گی تاہم طالبان نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا کچھ نہیں ہونے دیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وہ محسوس کر رہے ہیں کہ اگلا سال الیکشن کا سال ہو سکتا ہے تاہم انتخابات کا فیصلہ عمران خان کے ہاتھ میں نہیں ہے ، یہ فیصلہ کچھ اور قوتوں نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا عمران نے اپنی نا اہلی کے سبب ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے اب تو لوگوں کے آنسو بھی خشک ہو گئے ہیں، مہنگائی اتنی ہو گئی ہے کہ عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے ۔سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پہلے دن سے ہمیں دھوکے دیئے ، پی ڈی ایم بننے سے لے کر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے الیکشن تک انہوں نے مسلسل دھوکے دیئے ، ہم سے وعدہ کیا کہ ہمیں سینیٹر بنائیں گے ، ن لیگ سے وعدہ کیا کہ سینیٹ کا چیئرمین ان کا ہو گا تاہم انہوں نے سب باتوں میں دھوکا دیا ۔بلاول بھٹو اتنے خودمختار نہیں ہیں ان کے فیصلے بھی کوئی اور کرتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پی ایم ایل این کے صدر ہیں لہٰذا ہمارا ان سے ہی رابطہ ہوتا ہے ، شریف خاندان میں اختلافات کی خبریں ان کا اپنا ذاتی مسئلہ ہے اور وہ اسے بڑی خوش اسلوبی سے حل بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی حالات بدل رہے ہیں ،چین ایک متبادل قوت کے طور پر سامنے آ چکا ہے ، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے مقابلے میں وہ ایک متبادل نظام کھڑا کر چکا ہے ، اب یہ پاکستان نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ امر یکا کا ہاتھ چھوڑ کر کب چین کا مکمل طور پر ہاتھ پکڑتا ہے تاہم ان معاملات میں جلد بازی اچھی نہیں ہو گی ہمیں بہت سوچ سمجھ کر تحمل سے فیصلے کرنے ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں