حکومت اداروں پر حملہ آور، بجلی نرخوں میں اضافے کا آرڈنینس مسترد : سراج الحق

حکومت اداروں پر حملہ آور، بجلی نرخوں میں اضافے کا آرڈنینس مسترد : سراج الحق

الیکشن کمیشن پر حملوں کی تاریخ میں کوئی ایسی مثال نہیں ملتی، حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کیلئے ووٹنگ مشین پر بضد ، حکومتی نااہلی کوروناسے زیادہ خطرناک ، معاشی بدحالی میں مسلسل اضافہ ،حکومتی ٹیم مافیا زپر مشتمل، تیمرگرہ میں خطاب

لوئر دیر (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے اداروں پر حملہ آور ہے ۔الیکشن کمیشن پر حملوں کی تاریخ میں کوئی ایسی مثال نہیں ملتی، حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بضد ہے ۔بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق صدارتی آرڈنینس کو مسترد کرتے ہیں حکومت کی نالائقی اور نا اہلی کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے ۔ملک میں بے روزگاری ،مہنگائی کی وجہ سے معاشی بدحالی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔حکومتی ٹیم مافیا زپر مشتمل ہے جس کو عوام کی کوئی فکر نہیں ۔جماعت اسلامی کی تیار کردہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے الیکشن کو صاف اور شفاف بنایا جا سکتا ہے ۔ لوئر دیر کے علاقے تور منگ درہ کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعزیت اور تیمرگرہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے منشور اور وعدوں پر بالکل عمل نہیں کیا بلکہ اب تک اس کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات انکے منشور کے خلاف اور بر عکس ہیں۔پی ٹی آئی کا تین سالہ دور حکومت عوام کی محرمیوں ،مایوسیوں اور پریشانیوں کی داستان ہے ۔مہنگائی میں ریکارڈ اضافے نے غریب عوام کا دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت کا الیکشن کمیشن اور میڈیا کے حوالے سے رویہ نا قابل فہم ہے ۔ وزرا کی طرف سے الیکشن کمیشن جیسے ادارے پر آئے روز تنقید اسے کنٹرول کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آمرانہ سوچ کی عکاس ہے ہم اس غیر ضروری ادارے کو مسترد کرتے ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظور کردہ 57 قوانین اور 68 صدارتی آرڈنینس میں کوئی ایک بھی عوام کے بنیادی حقوق ،بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے حوالے سے نہیں ہے ۔بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق صدارتی آرڈنینس سے 290 ارب روپے کے مزید ٹیکس لگائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا ڈومیسٹک وائیلنس بل آئین اور شریعت کے خلاف ہے ، ہمارے کلچر ،تہذیب اور خاندانی نظام پر حملہ ہے ۔حکومت آئین اور شریعت کے خلاف کسی بھی قانون سازی سے باز رہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں