پی اوایس سسٹم اضافی ٹیکس : تاجروں کا 27 ستمبر کو وزارت خزانہ کے گھیراؤ کا اعلان

پی اوایس سسٹم اضافی ٹیکس : تاجروں کا 27 ستمبر کو وزارت خزانہ کے گھیراؤ کا اعلان

23ستمبرکوملتان میں ملک گیرکنونشن،حکومت نے تاجروں کے مسائل حل نہ کئے تو شٹرڈائون ہڑتال کااعلان کیا جائیگا ، پی اوایس سسٹم کاروبارتباہ کرنیکی سازش:کاشف چودھری ودیگر،بجلی بلوں پراضافی ٹیکس کانفاذقابل مذمت:اجمل بلوچ

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیل سسٹم کے نفاذ، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اضافی ٹیکس عائد کرنے اور چھوٹے تاجروں کی جبری سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیخلاف ملک بھر کے تاجر 27 ستمبر کو وزارت خزانہ کا گھیرائو کریں گے ، 23 ستمبر کو ملتان میں ملک گیر تاجر کنونشن ہوگا، اگر حکومت نے تاجروں کو درپیش مسائل حل نہ کئے تو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا جو مطالبات کے پورے ہونے تک جاری رہے گی۔ مرکزی تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کاشف چودھری نے کہا حکومت نے گزشتہ سال ہم سے تاجر نمائندوں کی کمیٹیاں بنانے ،ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 0.25 فیصد کرنے ، ودہولڈنگ ٹیکس کو بتدریج ختم کرنے اور سیلز ٹیکس کو 17 فیصد سے کم کرکے سنگل ڈیجٹ پر لانے کے معاہدے کئے مگر ان پر آج تک عملدرآمد نہ ہوسکا، تاجروں کے کاروباروں پر پوائنٹ آف سیلز مشینیں نصب کرنا ملکی معیشت کو کمزور کرنے اور کاروباروں کو تباہ کرنے کی سازش ہے ، ٹیکس ہمیشہ آمدن پر لاگو ہوتا ہے جبکہ یہاں رقبے پر نافذ کیا جا رہا ہے ۔ شرجیل میر نے کہا حکومت کورونا سے متاثرہ تاجروں کی دادرسی کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کی بجائے خصوصی رعایت دے ۔ ملک ظہیر نے کہا حکومت چھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس کا نظام لا ئے ۔ اسلام آباد چیمبر تاجروں کی دھر نے کی کال کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ علاوہ ازیں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری خالد چودھری نے کہا ہے کہ بجلی کے کمرشل کنکشن ہولڈر تاجر ہر ماہ بجلی کے بل کا 10 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس جمع کرواتے ہیں، اس کے باوجود ٹیکس کیلئے ایس آر او کا اجرا قابل مذمت ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں