سوشل میڈیا پر میری ویڈیو جعلی ، شرمناک حرکت کی گئی :محمد زبیر

سوشل میڈیا پر میری ویڈیو جعلی ، شرمناک حرکت کی گئی :محمد زبیر

ویڈیو اصلی ہے یا نقلی فرانزک آڈٹ ہونا چا ہیے :راناثنااللہ ، خفیہ کیمر ے نہیں،کچھ ریکارڈہوا ہے تو ہمارے علم میں نہیں:ہوٹل ا نتظامیہ ، سابق گورنر پر مقدمہ دائر کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر

کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے سوشل میڈیا پر اپنے حوالے سے زیرگردش ویڈیو کو جعلی اور اپنے خلاف سازش قرار دیاہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میرے خلاف جعلی اور تبدیل شدہ ویڈیوز جاری کرنا کوئی سیاست نہیں دراصل پستی کی نئی مثال ہے ۔جو کوئی بھی اس کے پیچھے ہے اس نے انتہائی گھٹیا اور شرمناک حرکت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایمانداری، خلوص نیت اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے اور میں پاکستان کی بہتری کیلئے آواز بلند کرتا رہوں گا۔دریں اثنامسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ محمد زبیر کی ویڈیو اصلی ہے یا نقلی اس کا فرانزک آڈٹ ہونا چا ہیے ۔ ویڈیو بہت محنت سے تیار کی گئی، سمجھ نہیں آرہی کہ وہ زبیر سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ویڈیو کے معاملے پر نجی ہوٹل کی وضاحت سامنے آگئی ہے ۔ہوٹل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کمرے میں کوئی خفیہ کیمرہ نصب نہیں کیا گیا ۔اگر کسی کمرے میں موجود خفیہ کیمرے میں کچھ ریکارڈ ہوا ہے تو وہ ہوٹل انتظامیہ کی مرضی اور علم میں لائے بغیر غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا ہوگا،ہم کبھی بھی جاسوسی،کلائنٹس یامہمانوں کی پرائیویسی کو توڑنے کو فروغ نہیں دیتے ۔علاوہ ازیں ویڈیو وائرل ہونے سے متعلق وکلا نے سٹی کورٹ تھانے میں سابق گورنر پر مقدمہ دائر کرنے کے لئے مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی۔ درخواست گزارایڈووکیٹ مظہر شیخ اور اعجاز جتوئی نے موقف اپنایا کہ گورنر کے عہدے پر رہ کر محمد زبیر نے جرم کیا، مقدمہ دائر کر کے تحقیقات کی جائیں، ویڈیو کے ذ ریعے کہیں خاتون کو بلیک میل تو نہیں کیا جا رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں