آپکی دولت کون سے جنات باہر لیکر گئے :وفاقی وزرا

آپکی دولت کون سے جنات باہر لیکر گئے :وفاقی وزرا

عمران کی اپنی پہچان :فرخ حبیب،نواز پہلے میرجعفر بن کر پیدا ہوئے :شہباز گل

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزرا نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا یہ بتائیں کون سے جنات نے دولت بیرون ملک منتقل کی، وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، ہم کیوں نواز شریف بنیں گے ، عمران خان کی اپنی پہچان ہے ، وہ قوم کے ہیرو ہیں۔وزیر اعظم کو ایک کروڑ 70 لاکھ پاکستانیوں نے ووٹ دیا، مریم صفدر جتنے مرضی جادوئی گلاس اٹھائیں یا الہ دین کا چراغ رگڑیں، کرپشن کا حساب دینا ہوگا،کرپشن کے مال سے بنائے لندن فلیٹس کی سزا جنتر منتر والے قطری خط سے ختم نہیں ہوگی، نہ اس کی سزا طوطا فال والے جعلی کیبلری فونٹ سے ختم ہوگی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا جادو ٹونے کی باتیں ہمیں نہ سنائیں، جادو ٹونے ، جنات کی باتیں آپ کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں،ایسی باتیں کرنی ہیں تو یہ بھی بتادیں کہ کون سے جنات نے پیسے بیرون ملک منتقل کیے ؟ایک بار پھر مریم صفدر نے ہمیشہ کی طرح عدالت میں جھوٹ بولے ، رسیدیں نہیں دیں ، قطری خط کی طرح یہ نہیں بتایا کہ رسیدیں کہاں ہیں ؟انہوں نے کہا نوازشریف روز پیدا نہیں ہوتے ، ہر 200 سال بعد پیدا ہوتے ہیں، پہلے نواز شریف میر جعفر کی شکل میں پیدا ہوئے تھے ۔ شریف خاندان سے پاکستان کا کوئی ادارہ محفوظ نہیں رہا ،اجمل قصاب اور کلبھوشن کے معاملے پر شریف فیملی نے ملک دشمنی دکھائی۔ حکمران جماعت کی خواتین رہنماء زرتاج گل اور ملیکہ بخاری نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاسی حیثیت ہے نہ ہی کوئی سیاسی قد کاٹھ ہے ۔ گالی گلوچ بریگیڈ ن لیگ کا ترجمان ہے ، مریم نواز کے والد نے ملکی دولت لوٹی۔ وزیر مملکت زرتاج گل نے ملیکہ بخاری اور شہباز گل کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عالمی سیاست میں اپنا اثرو رسوخ رکھتے ہیں، عالمی فورمز پر عمران خان کو مدعو کیا جاتا ہے ، مریم نواز کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو سینیٹ، کشمیر ، گلگت بلتستان اور ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی ہے ۔شریف خاندان 25ارب روپے منی لانڈرنگ کا جواب دے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں