ڈالر173،سونا تولہ 1 لاکھ 19ہزار کی بلند سطح پرپہنچ گیا

ڈالر173،سونا تولہ 1 لاکھ  19ہزار کی بلند سطح پرپہنچ گیا

ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں پہلی بارڈالر کے مقابلے میں روپیہ بدترین گراوٹ کا شکارہے

کراچی (بزنس رپورٹر،دنیا نیوز )ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں پہلی بارڈالر کے مقابلے میں روپیہ بدترین گراوٹ کا شکارہے جس کے نتیجے میں روپے کی قدر کو گراتا ہوا انٹربینک میں ڈالر173 اوراوپن مارکیٹ میں 174روپے کی جانب تیزی سے گامزن ہے ،رواں مالی سال ڈالر 15 روپے سے زائد مہنگا ہواہے ، یکم جولائی کو ڈالر 157 روپے 54 پیسے پر تھا، ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں کا بوجھ 1800 ارب روپے بڑھ گیا ہے ،ادھر فی تولہ سونا بھی اچانک 1700روپے مہنگا ہوگیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر1.75روپے کے نمایاں اضافے سے 172.95روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 1.70روپے کے اضافے سے 173.30روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے ،اسی طرح یورو1.40روپے بڑھ کر201روپے اوربرطانوی پاؤنڈ 1.50روپے کے اضافے سے 237.50روپے کا ہوگیا ہے ۔معاشی تجزیہ کاروں نے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو پاکستانی معیشت کیلئے منفی پیشرفت قرار دیا ہے ۔تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے جہاں رواں مالی سال میں بیرونی قرضوں کے بوجھ میں تقریباً 1800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے وہیں درآمدی اشیا جن میں پٹرول، ڈیزل، کھانے کا تیل، دالیں، خشک دودھ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے پارٹس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پاکستان کے نہ صرف درآمدی بل کے حجم میں نمایاں اضافے کے خطرات ہیں بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی اضافے کے خدشات ہیں ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا4ڈالر کی کمی سے 1763ڈالر فی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باوجود مقامی سطح پرفی تولہ سونا 1700روپے کے اضافے سے ایک لاکھ19ہزار700اوردس گرام1457روپے کے اضافہ سے ایک لاکھ 2ہزار623روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1430روپے پر مستحکم رہی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں