دورہ سعودی عرب کادوسرامرحلہ وزیراعظم ریاض پہنچ گئے

 دورہ سعودی عرب کادوسرامرحلہ  وزیراعظم ریاض پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورہ کے دوسرے مرحلے پر ریاض پہنچ گئے

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں)وزیر اعظم نے معروف کاروباری شخصیات سے ملاقات کی ، تفصیلات کے مطابق شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے شاہی ٹرمینل پر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم عمران کان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم بھی شامل ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے تجربات سے شرکا کو آگاہ کریں گے ۔ یہ سربراہ اجلاس مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا اقدام ہے ۔دورہ کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کی معروف کاروباری شخصیات نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ جبکہ پاکستانی کاروباری طبقہ کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں