اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر مہنگائی کیخلاف احتجاج، چینی چورو، آٹا چورو جان چھوڑو کے نعرے

اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر مہنگائی کیخلاف احتجاج، چینی چورو، آٹا چورو جان چھوڑو کے نعرے

خواتین دوسرے روز بھی ہانڈیاں ،ڈوئیاں ،چمچے اٹھا لائیں ، طارق گل گلے میں روٹی ،سبزیاں ڈال کر سائیکل پر اسمبلی آئے ، قوم مہنگائی سے بلک رہی ، دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں ،حمزہ ، ن لیگ نے ملک کو بڑے زخم دئیے ،اسلم اقبال کا خطاب

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )اپوزیشن ارکان نے بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان کے اندر اورباہر مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ، اپوزیشن نے پہلے اسمبلی کی سیڑھیوں پر میدان لگایا پھرایوان کے اندر احتجاج کا راستہ اختیار کیا اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈ لہرائے اور چینی چورو،آٹا چورو،جان چھوڑو کے نعرے لگا ئے ۔اپوزیشن کے احتجاج کے نرغے میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہا ن بھی آگئے ،عظمیٰ بخاری اور فیاض چوہان میں نوک جھو ک بھی ہوئی ،خواتین ارکان دوسرے روز بھی ہانڈیاں ،ڈوئیاں اورچمچے اٹھا لائیں جبکہ اپوزیشن رکن طارق گل گلے میں روٹی اورسبزیاں ڈال کر سائیکل پر اسمبلی آئے ۔ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی تقریر کے بعد اپوزیشن نے ایوان میں خوب نعرے بازی کی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا،اپوزیشن ارکان نے ایوان میں پلے کارڈز لہر ائے اور نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بنایا ۔ قبل ازیں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی قیادت میں بدھ کے روز بھی مسلم لیگ(ن) کے ارکان نے اسمبلی کے باہر مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا جس میں میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،سمیع اللہ خان، عظمیٰ بخاری ،حسینہ بیگم،بلال یاسین، حناپرویز بٹ اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے چینی چورو،آٹا چورو،جان چھوڑوکے نعرے لگائے ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔سپیکر نے ایجنڈے کو مختصر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو مہنگائی پر تقریر کرنے کی دعوت دی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا مرحوم ایم پی اے نشاط ڈاھا کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔حمزہ شہباز کا کہناتھا اب عوام کے حقوق کے لئے سڑکوں اور ایوانوں میں جنگ ہو گی اگر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے عدم اعتماد کی تحریک بھی لانا پڑی تولائیں گے ،مسائل کا آسان حل نئے الیکشن ہیں ۔انہوں نے کہا قوم مہنگائی سے بلک رہی ہے ، تین سالوں میں ستر سال کا مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،وزراء کہتے ہیں روٹی آدھی کھا لو مہنگائی ہے ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کب تک لوگ بھاشن سنیں گے ،وزراء کا ٹولہ آکر پریس کانفرنس کرکے چلاجاتاہے ۔ چوتھا سال ہے خدا کا خوف کریں۔ انہوں نے کہاہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں جب کشمیریوں کا معاملہ آتا ہے تو ہم سب ایک ہوتے ہیں ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے جواب میں کہا عوام کے پیسوں سے ناشتہ کرنے والوں کے پیٹ میں غریب کا درد کیسے ہو سکتا ہے ،33 سال سابق حکومتوں نے گند مچایا اس گند کو عمران خان صاف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ن لیگ نے اس ملک کو بڑے بڑے زخم دئیے ہیں،سابق حکومت نے مہنگے ترین بجلی کے منصوبے لگائے جس کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ایوان نے سول سرونٹس پنجاب 2021بل کی منظوری دیدی۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں