حماداظہرکی سینیٹ کمیٹی میں عدم شرکت،ارکان کا واک آئوٹ

حماداظہرکی سینیٹ کمیٹی میں عدم شرکت،ارکان کا واک آئوٹ

وزیرصاحب ایک میٹنگ میں بھی نہیں آئے ، ار کان ، حماد کو سمجھائیں :سعدیہ

اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر کی عدم شرکت پر ارکان کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور معاملے پر وزیر اعظم کو خط لکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا، ارکان کمیٹی نے کہا کہ ایک میٹنگ میں بھی وزیر صاحب تشریف نہیں لائے ، سب سے اہم منسٹری پٹرولیم ہے ،جس منسٹری میں بھی یہ گئے ہیں وہاں پر تباہی و بربادی ہی لے کرآئے ہیں ، فنانس منسٹری میں گئے کام خراب ہوا ، صنعت و پیداوار میں گئے کام خراب ہوا،پٹرولیم میں گئے گیس اورتیل نہیں ہے ، پانچ منسٹریاں تبدیل کر چکے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں ، یہ ہمیں کیا سمجھتے ہیں، ارکان نے وزیر توانائی کی اجلاس میں عدم شرکت پر وزیر اعظم کو خط لکھنے کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین کمیٹی نے بلوچستان میں گیس کے مسائل پر ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عبدالقادر کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں وزیر توانائی حماد اظہر کے نہ آنے پر ارکان کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا، سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ ایک میٹنگ میں بھی منسٹر تشریف نہیں لائے ، منسٹر کے نہ آنے پر ہم ٹوکن واک آؤٹ کرتے ہیں ، رکن کمیٹی سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ جس منسٹری میں بھی یہ گئے ہیں وہاں پر تباہی و بربادی ہی لے کرآئے ہیں ، منسٹر صاحب کو آپ سمجھائیں،یہ کوئی طریقہ نہیں ، یہ ہمیں کیا سمجھتے ہیں، قر ۃالعین مری نے کہا کہ چیئرمین صاحب! آپ وزیر اعظم کوخط لکھیں، اس موقع پر کمیٹی میں موجود تمام ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا، جس پرچیئرمین کمیٹی اور سیکرٹری پٹرولیم انہیں منا کر واپس لے آئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں