پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنیوالے بیلسٹک مزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ
لاہور ،راولپنڈی (نیوز ڈیسک،دنیا نیوز)پاکستان نے زمین سے زمین تک ما رکرنیوالے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین تھری زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس تجربے کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرامیٹرز کی ازسرنو تصدیق تھا۔ میزائل کو داغنے کا مظاہرہ دیکھنے والوں میں ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر، کمانڈر آٓرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کے علاوہ سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسر، سٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز شامل تھے ۔
ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن نے انجینئروں اور سائنسدانوں کو ڈیزائنگ کی صلاحیت میں نکھار لانے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی نیوکلیئر ڈیٹرینس صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔صدر مملکت، وزیراعظم ، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہمیں نہایت پیشہ ور اور مستقل لگن سے کام کرنے والی ٹیم پر بے حد فخر ہے ،جن کے باعث تجربہ کامیاب ہوا۔