پی ایچ ایف ایڈ ہاک گورننس مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل

پی ایچ ایف ایڈ ہاک گورننس مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل

اقدام ایک ڈھانچہ جاتی تبدیلی کی علامت جس کا مقصد نظم و نسق کو جدید بنانا اور ملک بھر میں ہاکی کے معیار کو بلند کرنا ہے سمت درست کرنے کیلئے یہ عبوری روڈ میپ ،کامیابی کا کوئی مختصر راستہ نہیں لیکن کوششوں کی سنجیدگی جلد نظر آئیگی،ترجمان

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکمتِ عملی کے تحت ایک 'ایڈہاک گورننس اور مینجمنٹ کمیٹی' کی تشکیل کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اقدام ایک ڈھانچہ جاتی تبدیلی کی علامت ہے جس کا مقصد نظم و نسق کو جدید بنانا اور ملک بھر میں ہاکی کے معیار کو بلند کرنا ہے ۔تکنیکی مہارت کے حصول کے لیے ایک اہم پیشرفت کے طور پر، لیجنڈری اولمپینز حسن سردار اور اصلاح الدین 'پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی' کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔ ان کے مینڈیٹ میں قومی ٹیم کا انتخاب، خصوصی تربیتی پروٹوکولز کی نگرانی، اور کوچز و کھلاڑیوں کے لیے سخت معیارات کا تعین شامل ہے ۔ طویل مدتی انتظامی انتخاب 'پروفیشنل ایڈوائزری کمیٹی' کے ذریعے کیا جائے گا ۔

اس کمیٹی کے دیگر ارکان کا تقرر ان دونوں لیجنڈز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ گورننس کمیٹی کے تمام ارکان اعزازی بنیادوں پر کام کریں گے اور پاکستان ہاکی کی بحالی اور اسے بلندیوں تک پہنچانے کے لیے اپنی مہارت وقف کریں گے ۔پی ایچ ایف کے ترجمان نے کہا کہ یہ سمت درست کرنے کے لیے ایک عبوری روڈ میپ ہے ۔کامیابی کا کوئی مختصر راستہ نہیں ہے ، لیکن واضح سمت اور کوششوں کی سنجیدگی جلد نظر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہاکی کو نچلی سطح پر جوڑنے کے لیے تمام اداروں کو متحرک کریں گے ۔یہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات شفافیت اور پیشہ ورانہ میرٹ کے لیے پی ایچ ایف کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، تاکہ قومی کھیل کو وہ کارپوریٹ اور تکنیکی مہارت حاصل ہو سکے جو عالمی سطح پر واپسی کے لیے ضروری ہے ۔پی ایچ ایف پرامید ہے کہ ان تبدیلیوں سے کھیل میں مثبت تبدیلی آئے گی اور پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں