آئی سی سی بورڈ اور کمیٹیوں کے اجلاس قطر میں ہوں گے
آئی سی سی بورڈ اور کمیٹیوں کے اجلاس قطر میں ہوں گے عالمی کرکٹ کے اہم معاملات اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا
کولمبو (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ بورڈ اور کمیٹیوں کے اجلاس 25 سے 27 مارچ تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوں گے ۔ ان اجلاسوں میں آئی سی سی کے بورڈ ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز، مختلف کمیٹیوں کے اراکین اور اعلیٰ عہدیداران شرکت کریں گے جہاں عالمی کرکٹ کے اہم معاملات اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔دوحہ میں اجلاسوں کے انعقاد کا فیصلہ قطر میں کرکٹ کے فروغ اور ملک کے مضبوط سپورٹس ڈھانچے کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔آئی سی سی کی قطر کرکٹ ایسوسی ایشن اور قطر اولمپک کمیٹی کے ساتھ اشتراک کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں کھیل کو نمایاں ترقی حاصل ہوئی ہے ۔ 2020 کے بعد قطر میں کرکٹ میں مجموعی شرکت میں 447 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ نوجوانوں اور نئے کھلاڑیوں کو کھیل کی طرف راغب کرنے کے اقدامات قرار دئیے جا رہے ہیں۔دوحہ میں اجلاسوں کا انعقاد عالمی کرکٹ برادری میں قطر کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرے گا اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔