سرکاری فنڈز کے بے جا استعمال پر پابندی،وزیراعلیٰ آفس میں دعوتیں ختم :محسن نقوی

سرکاری   فنڈز  کے   بے  جا   استعمال   پر  پابندی،وزیراعلیٰ   آفس   میں   دعوتیں   ختم :محسن  نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرکاری فنڈز کے بے جا استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ وزیر اعلٰی آفس میں کھانوں اوردعوتوں کو روک دیا گیا۔

 مہمانوں کوچائے اور بسکٹ پیش کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے لئے کھانا اور چائے گھر سے منگوانے کی نئی روایت قائم کر دی ،نگران وزیراعلیٰ نے افسروں کو کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت دے دی ۔ محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ محسن نقوی نے انتظامی امور،مہنگائی پر قابو پانے اور جرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ضروری انتظا می اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ انتظامی افسر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں -اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے ۔شہریو ں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیر ہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ سٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو انتہائی فعال انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے ۔خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔نگران وزیراعلیٰ نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کوجلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔محسن نقوی نے برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ تک انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کی ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو 15فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے ۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹر پراجیکٹ کو جتنی جلدی ہو سکے مکمل کرے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر ہو۔پراجیکٹ پر دن رات کام کیاجائے اورجلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے ، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کلمہ چوک سے لبرٹی تک ٹریفک کی روانی کے لئے دو لین کو 24گھنٹے کے اندر فعال کیاجائے ۔نگران وزیراعلیٰ ذاتی اور اپنے سٹاف کے اخراجات بھی خود برداشت کریں گے ۔ ہدایات میں کہاگیا ہے کہ وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات خاطر خواہ کم کیے جائیں۔نگران وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق پنجاب میں اہم عہدوں پر تعینات افسروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایات جاری کر دی ہیں، انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی ہدایات دے دی ہیں ۔نگران وزیراعلیٰ سے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی ، محسن نقوی کاکہناتھاکہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے توسیعی منصوبے کاجائزہ لے کر عوامی مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا، ملاقات میں ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اورگنگارام ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے توسیع پلان سے آگاہ کیا، محسن نقوی نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں