چیئرمین واپڈا کا دورہ مہمندڈیم ،تعمیراتی کام کامعائنہ

چیئرمین واپڈا کا دورہ مہمندڈیم ،تعمیراتی کام کامعائنہ

لاہور،اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی)دریا کا رخ موڑنے کیلئے مہمند ڈیم پراجیکٹ کا ڈائیورشن سسٹم اسی سال نومبر میں مکمل ہوگا جبکہ پراجیکٹ کی مجموعی تکمیل 2026 میں متوقع ہے ۔

یہ بات پراجیکٹ حکام نے چیئرمین واپڈ لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کو مہمند ڈیم پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے دوران بتائی۔اس موقع  پر ممبر(فنانس) واپڈا نوید اصغر چودھری اور ممبر(پاور)واپڈا انجینئر جمیل اختر بھی موجود تھے ۔واپڈا مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں منڈا ہیڈ ورکس سے بالائی جانب دریائے سوات پر تعمیر کر رہا ہے ۔چیئرمین واپڈا نے دورے میں پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اِن سائٹس میں ری ریگولیشن پانڈ، مین ڈیم، سپل وے ، ڈائی ورشن ٹنلز، پاور اِن ٹیک، پاور ہا ؤس، سوئچ یارڈ اور اری گیشن سسٹم شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے مقررہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا گزشتہ سال اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات کو گزشتہ دسمبر تک تقریباً دور کیا جا چکا ہے اوراس وقت منصوبے کی تمام 11سائٹس پر تعمیراتی سر گرمیاں جاری ہیں، چند سائٹس پر دِن رات کام کیا جارہا ہے ۔ مہمند ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں