ای سی سی:سپریم کورٹ بلڈنگ ججز رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے 84 کروڑ گرانٹ منظور

ای سی سی:سپریم کورٹ بلڈنگ  ججز رہائش گاہوں کی مرمت  کیلئے 84 کروڑ گرانٹ منظور

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کاشت کاروں کو ربیع سیزن2022-23کے دوران تصدیق شدہ گندم کے بیج کی فراہمی کیلئے 8ارب39کروڑ روپے کی کیش ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نامزد بینک برانچوں کے ذریعے کاشت کاروں کو حکومت سندھ کی سفارشات کی روشنی میں کیش سبسڈی کے اجرا کا اہتمام کریں۔

 ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں آدم گیس فیلڈ سے تیل اور گیس کی تلاش کیلئے 5 سالہ لیز کی منظوری بھی دے دی گئی۔اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی اہداف کے حصول کی خاطر کابینہ ڈویژن کیلئے 3 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سمری پر سپریم کورٹ بلڈنگ، ججز کی رہائش گاہوں اور ریسٹ ہائوسز کی ضروری مرمت کیلئے 84 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی سفارش پر ایک دوائی کی قیمت میں اضافے کی سمری کی منظوری دی۔ ای سی سی نے سیکٹر آئی ٹین میں خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 2کروڑ روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں